خبردار: جرمنی میں غیر قانونی ڈاؤن لوڈنگ سے باز رہیں
16 مارچ 2016آپ کمرے میں بیٹھے بور ہو رہے ہیں۔ انٹرنیٹ پر اچانک آپ کو کوئی پسندیدہ فلم یا گانا دکھائی دیا اور آپ نے اسے فوراﹰ اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر ڈاؤن لوڈ کر لیا۔ زیادہ تر کیسوں میں یہ کام جرمنی ميں غیر قانونی ہوتا ہے۔ خواہ آپ جرمن شہری ہیں یا مہاجر، اگر آپ نے ایسا کیا تو جرمنی کے قوانین کے مطابق آپ پر مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔
کیا قانونی ہے اور کیا غیر قانونی؟
یہ بات معلوم کرنا بہت مشکل کام ہے۔ لیکن عام اصول یہ ہے کہ کوئی بھی فلم یا گانا جو دکانوں پر برائے فروخت موجود ہو، یا کوئی فلم جو ابھی تک سینما میں چل رہی ہے، اسے ڈاؤن لوڈ کرنا غیر قانونی ہے۔
تو اگر آپ کو انٹرنیٹ پر ہالی وُڈ کی کوئی ایسی فلم مل گئی جو ابھی سینما میں چل رہی ہے تو خبردار ہو جائیے، اسے ڈاؤن لوڈ کرنا یقینی طور پر غیر قانونی ہے۔ اسی طرح گانوں کے بارے میں بھی یہی عام اصول ہے کہ اگر کوئی گانا آپ کو انٹرنیٹ پر مفت ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے دستیاب ہے تو وہ بھی غیر قانونی ہی ہو گا، ظاہر ہے موسیقار پیسے کمانے کے لیے گانے بناتے ہیں نہ کہ مفت بانٹنے کے لیے۔ اگر واقعی مفت بھی ہے تو ڈاؤن لوڈ کرنے سے پہلے مکمل یقین ضرور کر لیں۔
فائل شیئرنگ ویب سائٹس اور ٹورنٹ پروگرامز جیسا کہ BitTorrent کے ذریعے ڈاؤن لوڈنگ بہت حساس معاملہ ہے۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیا استعمال کرتے ہوئے بھی احتیاط ضروری ہے۔ یو ٹیوب اور فیس بُک پر موجود ہر چیز ضروری نہیں ہے کہ قانونی ہو۔ اگر کسی گانے، فلم یا تصویر وغیرہ کے جملہ حقوق محفوظ ہیں اور آپ نے اسے فیس بُک پر شیئر کر دیا تو بھی آپ قانون کی گرفت میں آ سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وہی تصاویر یا ویڈیو وغیر شیئر کیجیے جو آپ نے خود بنائی ہوں، اس کے علاوہ کوئی بھی چیز شیئر کرنے سے پہلے یقین کر لیں کہ وہ خلاف قانون نہ ہو۔
پکڑے گئے تو کیا ہو گا؟
غیر قانونی طور پر کوئی چیز شیئر کرنا جرم ہے۔ قانونی مشاورتی ادارے آپ کو ہرجانہ ادا کرنے کے لیے خط بھیج سکتے ہیں۔ انٹرنیٹ کنکشن اور فون کے ذریعے آپ کی شناخت کرنا کوئی مشکل کام نہیں۔ اگر کسی اور نے بھی آپ کا Wi-Fi کنکشن استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ڈاؤن لوڈنگ کی تو آپ گرفت میں آ سکتے ہیں۔ پکڑے جانے کی صورت میں سینکڑوں یورو تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
گزشتہ دنوں ہی ایک شامی مہاجر کو ٹورنٹ پروگرام کے ذریعے غیر قانونی طور پر فلم ڈاؤن لوڈ کرنے کی پاداش میں 815 یورو جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ قانونی فرمیں اب زیادہ سے زیادہ تارکین وطن کو جرمانے کا نوٹس بھیج رہی ہیں تاکہ وہ غیر قانونی ڈاؤن لوڈنگ سے باز رہیں۔
جرمنی میں جملہ حقوق کے سخت قوانین کا مقصد فنکاروں، موسیقاروں اور لکھاریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ اگرچہ قانونی اداروں کو بھی معلوم ہے کہ تارکین وطن کے پاس بہت کم پیسے ہوتے ہیں لیکن اس سلسلے میں کسی کو بھی رعایت نہیں دی جاتی۔
قانونی طور پر فلموں اور گانوں تک رسائی کیسے؟
اگر آپ کسی فلم یا گانے کو ڈاؤن لوڈ نہیں کر رہے بلکہ انٹرنیٹ پر اسٹریمنگ کر کے دیکھ یا سن رہے ہیں تو پھر کوئی مسئلہ نہیں۔ احتیاط کریں کہ فائل کمپیوٹر یا موبائل پر ڈاؤن لوڈ نہ ہو۔
صارفین کے حقوق کے تحفظ کرنے والے جرمن ادارے (consumer protection office) سے وابستہ ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ تارکین وطن اسٹریمنگ کے لیے بھی بڑی اور مشہور ویب سائٹس کا استعمال کریں۔ ان ویب سائٹس میں آئی ٹیونز، نیٹ فلیکس، اور ایمازون قابل ذکر ہیں۔