خزاں اپنے عروج پر
جرمنی میں موسم خزاں کا آغاز ہو چکا ہے اور زمین پر گرے پتے پیدل چلنے والوں کو ایک رنگ برنگے قدرتی قالین کا مزہ دے رہے ہیں۔
نیلے آسمان تلے رنگوں کی بہار
موسم خزاں میں دن چھوٹے ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور خنکی بھی بڑھنے لگتی ہے۔ جرمنی میں آج کل خزاں اپنے جوبن پر ہے اور چھوٹے دنوں اور لمبی راتوں والا موسم سرما دہلیز پر کھڑا ہے۔ اب چند دنوں تک یہ درخت اسی طرح رنگ بکھیرے گا اور پھر سردیوں کی آمد سے قبل اس کے تمام پتے جھڑ چکے ہوں گے۔
طویل خزاں
سنہری پتوں کی چھاؤں میں محبت میں گرفتار اکثر جوڑے چہل قدمی کے لیے نکلتے ہیں۔ اس مرتبہ طویل خزاں کی وجہ سے ایسے جوڑوں کے پاس اس رومانوی موسم سے فائدہ اٹھانے کا وقت اور بھی زیادہ ہے کیونکہ یہ رنگ برنگے پتے ابھی تک درختوں پر موجود ہیں۔
انڈیکیٹر پلانٹ
’انگلش اوک‘ نامی اس درخت کے پتے ابھی تک جھڑنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ اس درخت کو’انڈیکیٹر پلانٹ‘ بھی کہا جاتا ہے، جو کسی بھی موسم کے آغاز کا اشارہ دیتا ہے۔ اس درخت کی خاصیت یہ ہے کہ اس کے پتے سورج کی روشنی اور درجہ حرارت کو دیکھتے ہوئے اپنے جھڑنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔
تحفظ کا قدرتی عمل
اخروٹ کے درخت کا یہ پتا ہوا میں لہراتا ہوا زمین کی جانب جا رہا ہے۔ یہ تو واضح نہیں کہ درختوں کو اس سال موسم خزاں کا زیادہ دیر تک انتظار کیوں کرنا پڑا تاہم یہ حقیقت ہے کہ موسم خزاں میں پتوں کے جھڑنے کا عمل درختوں کو قدرتی طور پر تحفظ فراہم کرتا ہے۔
قدرتی ری سائیکلنگ
تمام پتوں کے گرنے سے قبل درخت ان میں موجود اہم مادے جذب کر لیتے ہیں۔ پتوں کو سبز رنگ دینے والے مادے کلوروفِل کو دوبارہ سے استعمال کر لیا جاتا ہے۔ پتوں کو نارنجی اور زرد رنگ دینے والے مادے درختوں کے لیے اہم نہیں ہوتے لیکن یہ ایک خوبصورت قدرتی منظر ضرور فراہم کرتے ہیں۔
خزاں اور چوہے
موسم سرما کے دوران جنگلات کے قریبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو ایک خاص قسم کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہر موسم کی طرح سردی میں بھی چوہے متحرک رہتے ہیں۔ اس لیے وہ موسم خزاں کے دوران روزانہ اپنے وزن کے برابر خوراک جمع کرتے ہیں۔
سارس کی پرواز
موسم خزاں کے آخر میں سارس بھی جرمنی میں دکھائی دیتے ہیں۔ یہ اسکنڈے نیویا کے ممالک (سویڈن، فن لینڈ، ڈنمارک اور ناروے) سے ہوتے ہوئے جنوب کی جانب پرواز کرتے ہیں۔ جرمنی ان کا ایک عارضی پڑاؤ ہوتا ہے اور یہ یہاں کچھ آرام کر کے اپنی منزل کی جانب روانہ ہو جاتے ہیں۔
قدرت کا انداز
قدرت ہی کسانوں کے روزمرہ کے معمول کا فیصلہ کرتی ہے۔ اپنی آخری کاشت کے بعد یہ کھیتوں میں دوبارہ ہل چلاتے ہیں اور زمین کو نرم کرتے ہیں، اس سے پہلے کہ برف کی چادر زمین کو پوری طرح ڈھانپ دے۔
خزاں کے رنگ، چند دن کے مہمان
موسم خزاں میں رنگ برنگے پتوں کی یہ بہار جلد ختم ہونے کو ہے۔ اب یہ درخت اگلے برس نئے پتوں کے ساتھ ایک مرتبہ پھر ہر جانب اپنی خوبصورتی اور ہریالی پھیلائیں گے۔