1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خطّے میں کشیدگی کے لیے امریکا ذمہ دار ہے، کم جونگ اُن

12 اکتوبر 2021

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے امریکا کو مخاصمانہ پالیسیوں کے لیے مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اپنی قومی خود مختاری کی حفاظت کے لیے فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/41YfU
Nordkoreas Machthaber Kim Jong Un
تصویر: Korean Central News Agency/Korea News Service via AP/picture alliance

کم جونگ اُن نے جزیرہ نما کوریا میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ امریکا کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ یقین نہ کرنے کی کوئی وجہ موجود نہیں کہ واشنگٹن کا پیانگ یانگ کے تئیں ”مخاصمانہ" رویے کے سوا کوئی دوسری اپروچ ہے۔

شمالی کوریا کی جانب سے حال ہی میں ایک ہائپر سونِک میزائل کے تجربے کی خبروں کے درمیان پیانگ یانگ میں منعقدہ ایک دفاعی نمائش کے دوران کم جونگ اُن نے کہا، ”ہم کسی کے ساتھ جنگ کی بات نہیں کر رہے ہیں بلکہ ہم خود کو جنگ سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں اور اپنی قومی خود مختاری کے لیے جنگ کے تدارک میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔"

گوکہ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریاکے تئیں اس کی کوئی مخاصمت نہیں ہے تاہم کم جونگ اُن کا کہنا تھا، ”میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ کیا دنیا میں کوئی ایسا شخص یا کوئی ملک ہے جو اس بات پر یقین کرتا ہو۔"

اس موقع پراخبارات میں ایک تصویر شائع ہوئی ہے جس میں کم جونگ اُن کو مختلف قسم کے ہتھیاروں کے سامنے کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔ ان ہتھیاروں میں ہواسونگ 16بین براعظمی بیلیسٹک میزائل شامل ہیں۔ شمالی کوریا کا سب سے زیادہ دوری تک مار کرنے والا بین براعظمی میزائل ہواسونگ 16 کو گزشتہ برس فوجی پریڈ میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا تاہم ابھی تک اس کا تجربہ نہیں کیا گیا ہے۔

Nordkorea 2017 | Militärparade in Pjöngjang
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Wong Maye-E

فوجی اسلحہ کی دوڑ

ہتھیاروں کی دوڑ میں تیزی آنے کے ساتھ ہی شمالی اور جنوبی، دونوں کوریا، کم دوری کے جدیدترین بیلیسٹک میزائلوں اور دیگر ہتھیاروں کے مسلسل تجربات کر رہے ہیں۔شمالی کوریا تاہم میزائل پروگرام کے لحاظ سے آگے ہے اور بعض لوگوں کا خیال یہ کہ اس نے اپنے ایک اہم جوہری ری ایکٹر میں بڑے پیمانے پر توسیع کا کام شروع کردیا ہے۔ اس سے جوہری بم کے لیے ایندھن تیار کیا جاسکتا ہے۔

'شمالی کوریا امریکا سے ٹکر لینے کے لیے تیار ہے‘، کم جونگ ان

دوسری طرف جنوبی کوریا نے بھی اپنی پہلے آبدوز بیلیسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ وہ جنگی طیارہ بردار جہازوں سمیت مختلف نئے ہتھیاروں کی تیاری کا منصوبہ بنا رہا ہے۔اس نے اپنے اتحادی امریکا سے ایف35 جنگی طیارے بھی خریدے ہیں۔

امریکا نے شمالی کوریا کی کسی جارحیت کو روکنے کے لیے جنوبی کوریا میں اپنے تقریباً 28 ہزار 500 فوجی تعینات کردیے ہیں۔ واشنگٹن اور سیول نے اگست میں مشترکہ فوجی مشقیں بھی کی تھیں۔ کم جونگ اُن نے اسے جنگ کی تیاری قرار دیا تھا۔

Nordkorea Raketentest
تصویر: Ahn Young-joon/AP Photo/picture alliance

واشنگٹن اور پیانگ یانگ میں کوئی پیش رفت نہیں

امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان سفارتی تعلقات سن2018 میں اس وقت بظاہر صحیح سمت کی جانب بڑھتے ہوئے دکھائی دینے لگے تھے جب سنگاپور چوٹی کانفرنس کے دوران کم جونگ اُن نے اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔ یہ شمالی کوریا کے کسی رہنما کی امریکی صدر سے پہلی ملاقا ت تھی۔

تاہم پابندیوں میں نرمی اور جوہری ہتھیاروں پر روک لگانے کے معاملے پر اختلافات کے نتیجے میں ہنوئی میں ہونے والی بات چیت ناکام ہوگئی۔

شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا

امریکا کا گوکہ کہنا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ کسی بھی وقت سفارتی بات چیت کرنے کا خواہش مند ہے تاہم صورت حا ل اب بھی تعطل کا شکار ہے۔ پیانگ یانگ کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک بات چیت شروع نہیں کرے گا جب تک واشنگٹن اس پر عائد پابندیوں کو ختم نہیں کرتا اور جنوبی کوریامیں اپنی فوجی سرگرمیوں کو روک نہیں دیتا۔

ج ا/ ص ز  (روئٹرز، اے ایف پی)