خوابوں کے تخلیق کار، آرنلڈ شوارزینیگر
آرنلڈ شوارزینیگر نے یوں تو بطور باڈی بلڈر اور اداکار متعدد انعامات جیتے، اُن کی سب سے بڑی کامیابی تاہم دو مرتبہ اُن کا کیلیفورنیا کا گورنر ہونا سمجھی جاتی ہے۔ شوارزینیگر کے کیرئیر پر ایک نظر ان تصاویر کے ذریعے۔
کونان ، دی باربرین (1982)
کونان ہی وہ فلم تھی جس نے شوارزینیگر کو بین الاقوامی سطح کا اداکار بنا دیا۔ اس فلم ميں اُنہوں نے ایک ایسے غلام کا کردار ادا کیا تھا جسے اپنی آزادی کے ليے بہت سی مہم جوئیاں کرنی پڑيں۔ غلام کے کردار ميں انہوں نے اپنی بے پناہ طاقت کے ذریعے اُن تمام رکاوٹوں کو عبور کیا جو راستے میں آئیں۔
دی ٹرمینیٹر، (1984)
پوری کی پوری فلم کے دوران ’ہلاک کرنے والی مشین‘ نے بمشکل ستر الفاظ بولے ہوں گے۔ لیکن شوارزینیگر کا یہ جملہ ’ آئی ول بی بیک‘ فلمی تاریخ کے بہترین اور یادگار جملوں میں سے ایک بن گیا۔ ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی اس فلم نے جلد ہی شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا اور فلمی تاریخ کا سنگ میل بن گئی۔
ٹوئنز (1988)
شوارزینگر نے خود کو فقط ایکشن فلموں تک ہی محدود نہیں رکھا۔ سن انیس سو اٹھاسی میں انہوں نے ڈینی ڈی ویٹو کے مد مقابل کامیڈی فلم ’ٹوئنز‘ میں کام کیا۔ اس فلم کو باکس آفس پر بھر پور کامیابی حاصل ہوئی اور یوں اسّی کی دہائی کے اواخر میں آرنلڈ شوارزینیگر ہالی ووڈ ميں سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والے ستاروں میں سے ایک بن گئے۔
دی ٹرمینیٹر 2، (1991)
جیمز کیمرون کی ٹرمینٹر ٹو پہلی ہالی ووڈ فلم تھی جس پر سو ملین ڈالر سے زائد لاگت آئی۔ اس بار ٹرمینیٹر کو انسانیت کی خدمت کے لیے پروگرام کیا گیا تھا۔ فلم کا سب سے یاد گار ڈائیلاگ، ’ ہستا لا وستا بےبی‘ تھا۔
ٹرو لائیز، ( 1994)
ایکشن اور کامیڈی فلموں میں پے پناہ کامیابیوں کے بعد شوارزینیگر کی اگلی منزل کیا ہو سکتی تھی؟ یقیناﹰ ایک ایکشن کامیڈی۔ ڈائریکٹر جیمز کیمرون کے ساتھ آرنلڈ شوارزینیگر کی یہ تیسری فلم تھی۔ فلم میں اُنہوں نے انسداد دہشت گردی کے ایک خصوصی ایجنٹ کا کردار نبھایا۔ اس کردار کو اپنی بیوی سے اپنے کام کو خفیہ رکھنا تھا، کم سے کم جب تک رکھا جا سکتا تھا۔
بیٹ مین اینڈ روبِن، ( 1997)
سن انیس سو ستانوے میں ریلیز ہونے والی فلم ’بیٹ مین اینڈ روبن‘ میں مداحین اور تنقید نگاروں کی جانب سے ’آرنی‘ کے کام کو زیادہ پذیرائی حاصل نہیں ہوئی۔ ڈائریکٹر ٹم برٹن کی فلم ’نیور دی لیس‘ کو کامیابی حاصل ہوئی اور ’بیٹ مین‘ سے شائقین ذرا فاصلے ہی پر رہے۔
دی ٹرمینیٹر تھری، ( 2012)
شوارزینیگر کی یہ فلم بھی فلاپ ثابت ہوئی۔ اس فلم میں شوارزینیگر نے اپنے بھاری بھرکم آسٹرین لہجے میں ڈائیلاگز کی ادائیگی کی۔ اُن کے بقول ایسا اُنہوں نے اپنے مداحوں کو خوش کرنے کے لیے کیا۔ اس فلم کے بعد آرنلڈ شوارزینیگر نے کچھ عرصے کے لیے فلمی دنیا کو خیر آباد کہا اور سیاست میں قدم رکھا۔ شوارزینیگر سن 2003 سے سن 2011 تک کیلیفورنیا کے گورنر رہے۔
ٹرمینیٹر، (2015)
پہلے کی تین ٹرمینیٹر فلمیں غالباﹰ کافی نہیں تھیں اس لیے ایک چوتھی ٹرمینیٹر سن 2015 میں بنائی گئی۔ تاہم ٹرمینیٹر کا کردار اتنے برسوں میں کسی حد تک بدل چکا تھا اور اُس نے خود کو سنجیدگی سے لینا بھی کم کر دیا تھا۔ ٹی 800 کے کردار میں سڑسٹھ سالہ شوارزینیگر کے چند سفید بال دکھانے کی بھی اجازت دے دی گئی۔