خواتین کریو پر مشتمل پرواز نے دنیا کے گرد چکر لگایا لیا
5 مارچ 2017ایئر انڈیا کی یہ فلائٹ پیر 27 فروری کو نئی دہلی سے سان فرانسسکو کے لیے روانہ ہوئی اور جمعہ تین مارچ کو واپس بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچی۔ ایئر انڈیا کے مطابق امریکا جاتے ہوئے بوئنگ 777 نے بحر الکاہل کے اوپر سے پرواز کی جبکہ واپسی کے سفر میں اس فلائٹ نے بحر اوقیانوس کے اوپر سے پرواز کی۔ اس طرح اس نے کرہ زمین کے گرد چکر مکمل کیا۔
ایئر انڈیا کے مطابق اس منفرد ریکارڈ کو گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کرانے کے لیے اس کی انتظامیہ سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔
پائلٹس اور کیبن کریو کے ساتھ ساتھ اس پرواز کے لیے چیک اِن اور گراؤنڈ ہینڈلنگ اسٹاف کے علاوہ جہاز کو پرواز کا سرٹیفیکیٹ دینے اور اس کی روانگی اور آمد کے وقت ایئرٹریفک کنٹرولرز کی تمام تر ذمہ داریاں خواتین نے ہی نبھائیں۔
ایئر انڈیا کے مطابق خواتین کے عالمی دن کو منانے کے لیے تمام تر خواتین پر مبنی کریو کی حامل مزید فلائٹس بھی چلائی جائیں گی۔ خواتین کا عالمی دن ہر سال آٹھ مارچ کو منایا جاتا ہے۔
بھارت کی فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے رواں برس جنوری میں اپنے جہازوں پر صرف اور صرف خواتین کے لیے مخصوص حصوں میں نشستیں فراہم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا تھا۔ یہ فیصلہ ایسی رپورٹس کے بعد کیا گیا جن کے مطابق ساتھی مرد مسافروں کی طرف سے اکیلے سفر کرنے والی خواتین مسافروں کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا تھا۔