خوبصورت وادی میں سمّر فیسٹیول 2014ء
سوات کی حسین اور سیاحوں میں مقبول وادی کالام میں سمر فیسٹول 2014ء جاری ہے۔ اس میلے کی مختلف تقریبات میں شرکت کے لیےملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں نے کالام میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
شفّاف پانی اور ٹھنڈی ہوا
یہاں آئے ہوئے سیاح وادی کے صاف و شفّاف پانیوں میں کشتی رانی سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔ کراچی سے آئی ہوئی ایک خاتون بشریٰ نیازی نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیسٹیول کا انعقاد بہت اچھے طریقے سے کیا گیا ہے:’’میں پہلی دفعہ سوات آئی ہوں اور یہاں آ کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ ہم بہت لطف اندوز ہوئے ہیں۔ اسی طرح کے پروگرام آئندہ بھی ہونے چاہییں اور غیر ملکی سیاحوں کو بھی یہاں آنا چاہیے۔‘‘
رنگا رنگ میوزیکل نائٹس
ہر سال کی طرح اس سال بھی 4 روزہ سوات سمّر فیسٹیول کے دوران میوزیکل نائٹس سمیت مختلف طرح کی رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سات اگست کو شروع ہونے والا یہ میلہ 10اگست تک جاری رہے گا۔
سیاحوں کی بڑی تعداد کی شرکت
سوات سمر فیسٹیول میں دیگر تقریبات کے ساتھ ساتھ آتش بازی اور میوزیکل نائٹس کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے، جن سے محظوظ ہونے کے لیے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
دستکاری مصنوعات کے اسٹال
اس فیسٹیول میں ملبوسات، دستکاری مصنوعات اور دیگر اَشیاء کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔ سوات سمر فیسٹیول خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور پاک فوج کے باہمی اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کے لیے صوبائی حکومت نے ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے فراہم کئے ہیں۔
روایتی رقص کی جھنکار
اس میلے کی تقریبات میں روایتی رقص کے مظاہرے بھی شامل ہیں۔ اس فیسٹیول کا افتتاح گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے کیا اور افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ سوات میں عوام، پولیس اور فوج کی قربانیوں کی بدولت امن قائم ہوا ہے اور یہاں کے لوگوں نے استحکام پاکستان کے لیے قربانی دی ہے:’’سوات سمّر فیسٹیول یہاں کی معیشت اور سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔‘‘
گرمیوں کے موسم میں سوات کی ٹھنڈک
میلے کے موقع پر پیرا گلائیڈنگ، پتنگ بازی، نیزہ بازی، جیپ اور موٹر سائیکل ریلی، روایتی رقص،گھڑ سواری اور گھوڑوں کے رقص، ہر رات آتش بازی کے مظاہروں اور میوزیکل نائٹس کے ساتھ ساتھ واٹر سپورٹس کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔
پہاڑ کے دامن میں عارضی بستی
اس سمّر فیسٹیول کے دوران سوات کے بلند و بالا پہاڑوں کے دامن میں سیاح اپنی الگ ہی بستی بسا لیتے ہیں۔ اس میلے کے موقع پر زیادہ بہتر سہولتیں فراہم کرتے ہوئے ملکی ہی نہیں غیر ملکی سیاحوں کی بھی ایک بہت بڑی تعداد کو اس خوبصورت وادی کا رُخ کرنے کی ترغیب دی جا سکتی ہے۔
جواں ہمتوں کے لیے داد و تحسین
میلے کے دوران سیاحوں کو مختلف طرح کے روایتی کھیل بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ جہاں پورا ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، وہاں سوات کے خوشگوار موسم میں سیاح اس طرح کے کھیلوں سے لطف اندوز بھی ہوتے ہیں اور کھلاڑیوں کو زبردست داد بھی دیتے ہیں۔
دَس ہزار میٹر کی بلندی سے چھلانگ
سمّر فیسٹیول کے افتتاحی روز پاک فوج کے ایک جوان نے دس ہزار فٹ کی بلندی سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فال جمپ لگا کر شرکاء سے داد وصول کی۔ اس موقع پر نیزہ بازی، پیراگلائیڈنگ اور دیگر تقریبات سے سیاح خوب محظوظ ہوئے۔
شہروں کے ہنگاموں سے دور
ملک بھر سے سیاح ایک طرف شدید گرمی سے بچنے کے لیے سوات کی ٹھنڈی وادی کا رُخ کرتے ہیں اور دوسری جانب شہر کی بھیڑ بھاڑ اور پُر شور زندگی سے چند روز دور رہنے کے لیے بھی اس سمّر فیسٹیول میں شریک ہوتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ میلہ ایک مستحکم روایت کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
سیاحوں کی آمد کا نیا ریکارڈ
اس دوران سیاح گھڑ سواری سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔ فوج کے شعبہء تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ایک ترجمان کے مطابق سوات سمّر فیسٹیول کے لیے ایک لاکھ سے زائد سیاحوں نے کالام میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور امید ہے کہ اس سال سیاحوں کی کثیر تعداد میں آمد گزشتہ سارے ریکارڈ توڑ ڈالے گی۔
لگا تیر نشانے پر ...
صوبائی حکومت اور پاک فوج کے اشتراک سے جاری سمّر فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد سوات کی تباہ حال سیاحتی انڈسٹری کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔ اس میلے سے جہاں مقامی لوگوں کے کاروبار پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں، وہاں سیاحوں سمیت یہاں کی مقامی آبادی کو بھی تفریح کے مواقع میسر ہو جاتے ہیں۔ بعض حلقوں کے مطابق اگر کالام جانے والی شاہراہ کو بحال کر دیا جائے تو زیادہ سے زیادہ لوگ یہاں کا رخ کریں گے۔