خیبرپختونخوا کے حجام ڈیزائن والی داڑھی نہیں بنائیں گے
6 مارچ 2018داڑھی سے متعلق ایسی پابندی قریب ایک عشرے قبل بھی خیبر پختونخوا کے صوبے میں عائد کی گئی تھی جب پاکستانی طالبان سمیت جہادی گروپوں نے صوبے کے حجاموں کو مذہب اسلام کے شرعی قوانین کے خلاف داڑھی بنانے پر شدید نتائج کی دھمکی دی تھی۔
پشاور میں سلیمانی ہیئر ڈریسر تنظیم کے سربراہ شریف کاہلو نے گزشتہ شام ایک نیوز کانفرنس میں بتایا،’’ داڑھی کے مختلف طرح کے ڈیزائن بنانا پیغمبر اسلام کی سنت کے خلاف ہے۔‘‘
کاہلو کا مزید کہنا تھا کہ ہزاروں حجاموں نے، جو اُن کی ایسوسی ایشن کے رکن بھی ہیں، اس فیصلے پر پابند رہنے کا وعدہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں فیصلے سے متعلق گاہکوں کو صوبے بھر میں ہیئر ڈریسروں کی دکانوں میں نوٹس لگا کر آگاہ کر دیا جائے گا۔
شریف کاہلو کا کہنا تھا کہ اُن پر کسی جہادی گروپ کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں ہے بلکہ یہ فیصلہ ضمیر کی آواز پر کیا گیا ہے۔ کاہلو کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے صوبے بھر میں تمام بڑے شہروں اور اضلاع کی مقامی انتظامیہ سے ملاقات کی ہے اور سب نے ہی انہیں بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے تاہم اس حکم نامے کو سرکاری حیثیت دینے سے معذرت کی ہے۔
خیال رہے کہ جہادی گروپوں نے ایک عشرے قبل خیبرپختونخوا صوبے میں حجامت بنانے کی کئی دکانوں پر حملہ کیا تھا۔ اُن کا موقف تھا کہ داڑھی منڈوانا غیر شرعی ہے۔
حالیہ چند برسوں میں پاکستان کے لاہور اور کراچی جیسے بڑے شہروں میں مرد حضرات میں جدید فیشن کو اپنانے اور پابندی سے سیلون اور بیوٹی پارلروں میں جانے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مڈل کلاس اس حوالے سے زیادہ سرگرم نظر آتی ہے۔