داعش کو پروان چڑھانے کے ذمہ دار اسد ہیں، سعودی شاہ سلمان
23 دسمبر 2015سعودی فرمانروا سلمان نے بدھ تئیس دسمبر کو اپنے سالانہ خطاب کے دوران شامی صدر بشار الاسد پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے شام میں جہادیوں کو پنپنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ شام میں اعتدال پسند سیاسی دھڑوں کے ساتھ مل کر وہاں ایک عبوری حکومت قائم کرنے کی کوشش کریں۔
شاہ سلمان نے کہا کہ شامی بحران کے حل کے لیے وہاں اعتدال پسند اپوزیشن کی ایک عبوری حکومت بنانا ہو گی، وہاں ایک متحدہ حکومت کا قیام یقینی بنانا ہو گا اور اسی صورت میں وہاں دہشت گرد تنظیموں کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
سعودی بادشاہ نے کہا کہ شام میں قیام امن کی خاطر ان بنیادی اقدامات کے نتیجے میں ہی وہاں سے غیر ملکی فورسز کا انخلاء ہو سکے گا۔
مشاورتی شوریٰ کونسل سے خطاب میں شاہ سلمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شام میں اگر صدر اسد کی پالیسیاں مختلف ہوتیں تو وہاں دہشت گرد عناصر کبھی بھی طاقت جمع نہیں کر سکتے تھے۔ انہوں نے اس بحران کے لیے صدر اسد کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ دمشق حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہی وہاں لاکھوں افراد مارے گئے جبکہ کئی ملین بے گھر ہوئے ہیں۔
شام میں مارچ سن دو ہزار گیارہ میں شروع ہونے والے بحران کے نتیجے میں اب تک اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق کم ازکم ڈھائی لاکھ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ ملک کی تقریباﹰ نصف آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔ ریاض حکومت شامی اپوزیشن کی حامی ہے اور وہ صدر اسد کو اقتدار سے الگ دیکھنا چاہتی ہے۔
نواسی سالہ شاہ سلمان نے اپنی تقریر کا کچھ حصہ ہی پڑھا جبکہ باقی حصہ سرکاری نیوز ایجنسی نے جاری کیا۔ سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ شام کا سیاسی حل چاہتی ہے۔
اگرچہ عالمی طاقتوں نے کہا ہے کہ شام میں قیام امن کی خاطر ترتیب دیے گئے روڈ میپ پرعملدرآمد کرتے ہوئے ابتدائی طور پر صدر اسد سے مذاکرات ممکن ہیں تاہم آخر کار اسد کو اقتدار سے الگ ہونا ہی پڑے گا۔
دوسری طرف شامی صدر کے حامی ممالک روس اور ایران کا کہنا ہے کہ شام میں قیام امن کا حتمی فیصلہ شامی عوام کو خود ہی کرنا چاہیے۔
ان دونوں ممالک کا یہ اصرار بھی ہے کہ بیرونی طاقتوں کو شامی عوام پر کوئی امن ڈیل مسلط نہیں کرنا چاہیے بلکہ انہیں موقع فراہم کرنا چاہیے کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ وہ اسد کو اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں یا نہیں۔