1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دبئی کا بین الاقوامی فلمی میلہ سج گیا

14 دسمبر 2010

دبئی کے بین الاقوامی فلم میلے کا آغاز ہوگیا ہے جس میں پچاس سے زائد ممالک کی ڈیڑھ سو سے زائد فلمیں پیش کی جائیں گی۔ میلے کی خاص بات پہلی بار کثیر تعداد میں معیاری عرب سینما کی پیش کش ہے۔

https://p.dw.com/p/QY0F
تصویر: AP

دبئی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں چھ لاکھ ڈالر مالیت کے انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ میلے کے آغاز میں برطانوی ادارکا کولن فیرتھ کو سال کے بہترین بین الاقوامی فلمی ستارے کا اعزاز دیا گیا۔

انہیں ’ دی کنگز سپیچ‘ میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے پر اس اعزاز کے قابل سمجھا گیا۔ میلے کا آغاز ہی ’ دی کنگز سپیچ‘ کی سکریننگ سے ہوا۔ اس فلم کے ہدایتکار ٹوم ہوپر ہیں۔ کون فیرتھ 1995ء کی ٹیلی ویژن سیریز ’ دی پرائڈ اینڈ دی پریجیڈس‘ میں مسٹر ڈارسی کا کردار نبھا چکے ہیں جبکہ ‘دی کنگز سپیچ‘ میں وہ کنگ جورج ششم کے روپ میں جلوہ گر ہیں۔ گزشتہ سال دبئی فلم فیسٹیول میں بہترین بین الاقوامی فلمی ستارے کا اعزاز سکاٹش ادارکار گیرارڈ بٹلر کو نصیب ہوا تھا۔

امریکی اداکار ہدایتکار و سماجی کارکن شون پین کو لائف ٹائم اچیومنٹ کا تمغہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم انہیں ہنگامی طور پر امدادی کاموں کے سلسلے میں ہیٹی جانا پڑا اور تقریب میں شریک نہ ہوسکے۔ پین نے اس اعزاز کو اپنی قدردانی سے تعبیر کیاہے تاہم انہوں نے ہیٹی جانے کو زیادہ ضروری سمجھا۔

Schauspieler Sean Penn bei der Eröffnungsfeier in Cannes
شون پینتصویر: AP

دبئی فلمی میلے کے ڈائریکٹر عبدالحامد جمہ نے بتایا، ’’ اس میلے کے ساتویں سالانہ ایڈیشن کی خصوصیت نہ صرف دنیا بھر سے چنیدہ بہترین فلموں کی پیش کش اور عالمی طور پر جانے مانے ٹیلنٹ کی موجودگی ہے بلکہ پہلی بار معیاری روایتی عرب سینما سے بھی بڑی تعداد میں منتخب کی گئی فلمیں ہیں۔‘‘

عبدالحامد جمہ کے مطابق لبنان، عراق، مصر، شام اور مراکش میں بنی مکمل دورانئے کی 12 فلمیں اس مقابلے میں شریک ہیں۔

بھارتی فلم ساز کرن جوہر میلے میں شرکت کے دوران عرب اور بھارتی فلم سازوں کے تجربات سے متعلق مباحثے میں شرکت کریں گے۔ میلے کی منیجنگ ڈائریکٹر شیوانی پانڈیا کا کہنا ہے کہ شرکاء میکسیکو، مصر اور بھارت کی فلمی صنعت سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ دبئی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 19 دسمبر تک جاری رہے گا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں