دفاعی چیمپیئن جرمنی کی مایوس کن شکست
جنوبی کوریا نے جرمنی کو شکست دے کر اسے فیفا فٹبال ورلڈ کپ سے باہر کر دیا ہے۔
جرمن شائقین کے لیے بھی انتہائی مایوس کن
روسی شہر کازان میں کھیلے گئے گروپ ایف کے اہم میچ میں جرمن ٹیم کی شکست دنیا بھر میں جرمن ٹیم کے شائقین کے لیے بھی انتہائی مایوسی کا باعث بنی۔
2014ء کا چیمپیئن
جرمنی نے 2014ء میں برازیل میں کھیلے جانے والے فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی تھی۔ اس طرح جرمنی چوتھی بار فٹبال کے عالمی کپ کا فاتح قرار پایا تھا۔
جنوبی کوریا کا پہلا گول
جرمنی اور جنوبی کوریا کا میچ آخری منٹوں تک برابر رہا تاہم جنوبی کوریا کے کھلاڑی کِم یَنگ گون نے ایک شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
لائن ریفری کی طرف سے آف سائیڈ
لائن ریفری کی طرف سے کِم یَنگ گون کو ابتداء میں آف سائیڈ قرار دے دیا گیا تھا تاہم ویڈیو ریوو کے بعد ریفری نے جنوبی کوریا کے حق میں فیصلہ دے دیا اور یوں جنوبی کوریا نے ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
جرمن گول کیپر بھی جنوبی کوریا کے ڈی میں
دوسرا گول جرمن ٹیم اور جرمن فٹبال شائقین کے لیے بھی انتہائی مایوس کُن ثابت ہوا جب جرمنی کے گول کیپر مانویل نوئر اپنی ٹیم کی مدد کے لیے جنوبی کوریا کی ڈی میں پہنچے ہوئے تھے۔
فیصلہ کن برتری
جنوبی کوریا کے فارورڈ سَن ہونگ مِن نے انتہائی آسانی کے ساتھ جرمنی کے خلاف دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنا دیا۔
روس میں کھیلے جا رہے فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے ایک گروپ میچ میں جنوبی کوریا نے ورلڈ کپ کے دفاعی چیمپیئن جرمنی کو شکست دے کر اسے اس ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ جرمن فٹبال ٹیم کے لیے یہ ایک تاریخی شکست ہے۔