1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹر کی شادی کے لباس ميں کرکٹ کھيلتے تصوير مسئلہ بن گئی

22 اکتوبر 2020

بنگلہ ديشی خاتون کرکٹر سنجيدہ اسلام کی شادی کے لباس ميں کرکٹ کھيلتے ہوئے ايک تصوير گزشتہ ہفتے وائرل ہو گئی، جس پر ايک تنازعہ کھڑا ہو گيا۔ چند افراد اسے ملکی ثقافت و اسلامی اقدار کے خلاف قرار دے رہے ہيں۔

https://p.dw.com/p/3kIA9
Bangladesch Cricket Sanjida Islam Murshida Khatun
تصویر: Richard Wainwright/AAP/imago images

بنگلہ ديش کی ايک خاتون کرکٹر کی ايک معصوم اور بظاہر غير دانستہ حرکت نے ان کے ليے ايک تنازعہ کھڑا کر ديا ہے۔ سنجيدہ اسلام کی ايک تصوير گزشتہ دنوں سماجی رابطوں کی ويب سائٹس پر وائرل ہو گئی، جس کے بعد اکثريتی صارفين نے تو انہيں کافی سراہا مگر چند نے اسے 'غير اسلامی فعل‘ بھی قرار ديا۔

سنجيدہ اسلام نے مذکورہ تصوير پچھلے ہفتے شيئر کی۔ اس تصوير ميں وہ نارنجی رنگ کے دلہن کے لباس ميں ملبوس ہيں اور کرکٹ کے ميدان ميں بلا اٹھا کر کھيل رہی ہيں۔ سنجيدہ نے چوڑياں بھی پہن رکھی ہيں، جو ان کی نارنجی ساڑھی سے ملتی جھلتی ہيں۔ انٹرنيشنل کرکٹ کونسل نے بھی سنجيدہ کی تصوير شيئر کی اور ساتھ ہی لکھا، ''لباس، زيورات اور کرکٹ کا بلا۔‘‘ آئی سی سی نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ سے اس تصوير کو لاکھوں لوگوں تک ری ٹوئيٹ کيا۔

دريں اثناء سنجيدہ اسلام کے اپنے ملک بنگلہ ديش ميں چند لوگوں نے اس ميں مذہبی عنصر تلاش کرتے ہوئے تصوير کو 'بنگلہ ديشی و اسلامی ثقافت کی خلاف ورزی‘ قرار ديا۔ ايک صارف نے فيس بک پر لکھا، ''اس ميں ايسا کچھ نہيں کہ کسی اسلامی سوسائٹی ميں اس پر عمل کيا جا سکے۔‘‘ کئی صارفين نے تو ملکی کرکٹر کے ليے سخت سزا کی تائيد بھی کی۔

البتہ زيادہ تر صارفين نے سنجيدہ کی حمايت کی۔ ايک صارف نے تصوير کے بارے ميں لکھا، ''يہ بدلتے ہوئے اور آگے بڑھتے ہوئے بنگلہ ديش کی عکاسی کرتی ہے۔‘‘

سنجيدہ اسلام نے بنگلہ ديش کے ليے سولہ ايک روزہ ميچز اور چون ٹی ٹوئنٹی ميچز کھيل رکھے ہيں۔ انہوں نے اس تنازعے کے بارے ميں کہا کہ ان کا بلے کے ساتھ تصوير کھنچوانے کا کوئی ارادہ نہ تھا۔ وہ اپنے شوہر کے ساتھ اسٹيڈيم گئيں اور چند بچوں کو کھيلتا ديکھ کر ان سے رہا نہ گيا۔ بس بلا اٹھايا اور کھيلنے لگيں۔ اتنے ميں ان کے کسی ساتھی نے تصوير بھی کھينچ لی۔ سنجيدہ کے بقول انہوں نے يونہی کچھ سوچے سمجھے بغير يہ تصوير فيس بک اور انسٹاگرام پر شيئر کی تھی۔

ع س / ع ح (اے ايف پی)