1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دمشق حکومت خون خرابہ بند کرے: عرب لیگ

9 جنوری 2012

عرب لیگ کی وزارتی کمیٹی کے سامنے شام میں مبصر مشن کے سربراہ نے اپنی پہلی رپورٹ پیش کر دی ہے۔ لیگ نے کہا ہے کہ مبصر مشن جاری رہے گا۔ ساتھ ہی اسد حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خون خرابے سے اجتناب کرے۔

https://p.dw.com/p/13gCy
عرب لیگ کا اجلاستصویر: Reuters

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی نے اتوار کی شام ایک خصوصی پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ تنظیم نے تنقید کے باوجود شام میں تعینات مبصر مشن کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ عرب لیگ کے مبصرین کا یہ مشن اس وقت شامی اپوزیشن سمیت بعض دیگر ممالک کی تنقید کی زد میں ہے۔

اس دوران عرب لیگ کے سامنے مبصر مشن کے سربراہ جنرل محمد احمد المصطفیٰ الضابی نے مشن رپورٹ پیش کر دی ہے۔ اس رپورٹ میں دمشق حکومت پر تنقید کی گئی ہے کہ وہ عرب لیگ کے پلان پر پوری طرح عمل درامد نہیں کر رہی اور ملک میں خونی کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ اتوار کے روز حکومتی فورسز کی کارروائی کے دوران کم از کم 32 افراد کی ہلاکت کو رپورٹ کیا گیا ہے۔

Arabische Liga Treffen zu Syrien in Kairo Ägypten
قاہرہ میں عرب لیگ کے اجلاس کے وقت اسد حکومت کے مخالفین کا مظاہرہتصویر: Reuters

عرب لیگ اپنے اجلاس میں پہلے سے روانہ کی گئی مبصرین کی ٹیم میں اقوام متحدہ کے مبصرین کو شامل کرنے پر کوئی بھی عملی فیصلہ نہیں کر سکی ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران شام میں عرب لیگ کی جانب سے 160مبصرین تعینات کیے جا چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق شام میں سیاسی عدم استحکام اور انتہائی سخت حکومتی کریک ڈاؤن میں اب تک ہلاک شدگان کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

 شام کی اپوزیشن کی بڑی جماعت شامی قومی کونسل کے انس عبدہ نے کہا ہے کہ شام میں حکومتی فورسز کے ہاتھوں روزانہ عام لوگوں کی ہلاکت ہو رہی ہے اور عرب لیگ کے مبصرین مسلسل غلطیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں اور اس باعث اسد حکومت اپنے ظالمانہ ڈیزائن پر عمل پیرا ہے۔ شامی قومی کونسل اقوام متحدہ کے مانیٹرز کو عرب لیگ کے مبصرین میں شامل کروانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ شامی قومی کونسل کے مطابق جس انداز میں عرب لیگ کے مبصرین شامی صورت حال کو دیکھ رہے ہیں اس سے ان کا اعتماد مجروح ہو گیا ہے اور اس باعث اقوام متحدہ کے مبصرین کی شمولیت از حد ضروری ہے۔

Syrien Proteste gegen Regierung
شام میں اسد حکومت کے خلاف ایک مظاہرے کے شرکاءتصویر: Reuters

شامی قومی کونسل کے مطالبے کے تناظر میں عرب لیگ میں شام کے بارے قائم کمیٹی کے سربراہ اور قطری وزیر اعظم حمد بن جابر الثانی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کا ادارہ سکیورٹی کونسل عرب لیگ کی درخواست کا منتظر نہیں ہے۔ یہ معاملہ اس وقت بھی سکیورٹی کونسل میں موجود ہے اور اسے صرف فیصلہ کرنا باقی ہے۔ سفارتکاروں کے مطابق سکیورٹی کونسل کل منگل کے روز شام کی صورت حال پر بحث کرنے والی ہے اور مبصرین کی تعیناتی کے بارے کوئی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں