1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر میں سب سے زیادہ ارب پتی لندن میں

مقبول ملک12 مئی 2014

ایک نئے مطالعاتی جائزے کے مطابق دنیا کے کسی بھی دوسرے شہر کے مقابلے میں سب سے زیادہ ارب پتی برطانوی دارالحکومت لندن میں رہتے ہیں۔ برطانیہ میں ارب پتی افراد کی تعداد 102 ہے اور ان میں سے 72 لندن کے رہائشی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1ByRn
تصویر: Fotolia/Franz Pfluegl

اس جائزے کے نتائج پر مشتمل ایک فہرست ابھی حال ہی میں برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز میں شائع کی گئی۔ دنیا کے ارب پتی افراد کی اس فہرست میں شمولیت کا معیار یہ تھا کہ متعلقہ فرد برطانوی کرنسی میں ایک ارب پاؤنڈ سے زائد کی املاک کا مالک ہو، یعنی امریکی کرنسی میں اس کے اثاثوں کی مالیت 1.6 بلین ڈالر سے زائد ہو۔

جائزے سے پتہ یہ چلا کہ لندن میں رہائش پذیر افراد میں سے 72 ایسے ہیں، جن کی دولت ایک بلین پاؤنڈ سے زیادہ ہے۔ لندن کے بعد دوسرے نمبر پر روسی دارالحکومت ماسکو رہا، جہاں رہنے والے ارب پتی شہریوں کی تعداد 48 ہے۔

Alisher Usmanov
علی شیر عثمانوفتصویر: picture-alliance/dpa

اس فہرست میں تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر کے تینوں شہر امریکا میں ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر سب سے زیادہ ارب پتی افراد والا تیسرا بڑا شہر نیو یارک ہے، جہاں 43 billionaire رہتے ہیں۔

اس فہرست میں امریکی ریاست کیلی فورنیا کے دو شہر شامل ہیں۔ سان فرانسسکو میں رہنے والے ارب پتی افراد کی تعداد 42 اور لاس اینجلس میں 38 ہے۔ ارب پتی افراد کی تعداد کے لحاظ سے چھٹے نمبر پر چین کا شہر ہانگ کانگ ہے، جہاں ایسے 34 انتہائی دولت مند شہری رہتے ہیں۔

اسی جائزے سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ اپنی مجموعی آبادی اور اس میں ارب پتی افراد کے تناسب کے لحاظ سے بھی برطانیہ دنیا بھر میں سب سے آگے ہے۔ برطانیہ میں ہر چھ لاکھ سات ہزار شہریوں میں سے ایک ارب پتی ہے۔ اس کے برعکس امریکا میں تقریباﹰ ہر ایک ملین شہریوں میں سے ایک ارب پتی ہے۔

Lakshmi Mittal
لکشمی مِتلتصویر: AP

سنڈے ٹائمز کی طرف سے ہر سال برطانیہ کے امیر ترین افراد کی فہرست شائع کی جاتی ہے۔ اس مرتبہ لیکن ایسا پہلی بار ہوا کہ اس فہرست میں یہ بھی دیکھنے کی کوشش کی گئی کہ انتہائی امیر شہریوں کی تعداد کے حوالے سے برطانیہ اور دوسرے ملکوں میں کیا فرق پایا جاتا ہے۔

دو بھارتی نژاد برطانوی بھائی سری چند ہندوجا اور گوپی چند ہندوجا، جو عالمی سطح پر سرگرم کاروباری گروپ ہندوجا کے مالک ہیں، اپنی 11.9 بلین پاؤنڈ دولت کے ساتھ امیر ترین برطانوی باشندوں کی فہرست میں اول نمبر پر ہیں۔

2013ء میں اسی فہرست میں پہلے نمبر پر رہنے والے علی شیر عثمانوف اب اپنے 10.65 بلین پاؤنڈ کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ روسی نژاد عثمانوف کی دولت میں ڈھائی بلین پاؤنڈ سے زائد کی کمی روسی کرنسی روبل کی قدر کم ہو جانے سے ہوئی۔

Roman Abramowitsch
رومان ابرامووِچتصویر: picture-alliance/dpa

برطانیہ کے تیسرے نمبر کے امیر ترین شہری فولاد سازی کی صنعت کی عالمی سطح پر اہم ترین شخصیت اور بھارتی نژاد صنعت کار لکشمی مِتل ہیں، جو مِتل سٹیل کے مالک ہیں۔ ان کے اثاثوں کی مالیت 10.25 ارب پاؤنڈ بنتی ہے۔

روسی نژاد ارب پتی شہری رومان ابرامووِچ، جو مشہور فٹ بال کلب چیلسی کے مالک ہیں، گزشتہ برس برطانیہ کے پانچویں امیر ترین شہری تھے، جو اس سال نویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

صرف لندن میں رہنے والے ارب پتی افراد کی تعداد 72 ہے لیکن برطانیہ میں مجموعی طور پر 102 افراد ایسے ہیں، جو ایک بلین پاؤنڈ یا 1.2 بلین یورو سے زائد کے مالک ہیں۔ ان ایک سو دو افراد کی دولت کا مجموعہ 301 ارب پاؤنڈ سے زیادہ بنتا ہے۔ ایک سال پہلے ارب پتی برطانوی شہریوں کی تعداد 88 اور ان کی مجموعی دولت 246 بلین پاؤنڈ بنتی تھی۔