دنیا بھر میں نئے سال کی تقریبات
دنیا بھر میں نئے سال کے آغاز کے موقع پر رنگا رنگ تقریبات منعقد ہوئیں اور آتش بازی کے ساتھ نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا۔
برلن میں نئے سال کے رنگ
جرمن دارالحکومت برلن میں نئے سال کے شروع ہوتے ہیں، آسمان رنگ و نور سے نہانے لگا۔ جرمنی اور دنیا کے مختلف ممالک سے سیاح ہزاروں افراد برلن میں نئے سال کی اس مرکزی تقریب میں شرکت کرتے ہیں۔
میرکل کا نئے سال کے لیے عزم
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے نئے سال کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ وہ ملک میں موجود سماجی تقسیم کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی اور دفاع کے شعبے میں مزید سرمایہ خرچ کیا جائے گا جب کہ عوامی صحت کے شعبے میں بھی مزید بہتری پیدا کی جائے گی۔
لندن کے مرکز میں نئے سال کا خیرمقدم
لندن کے مرکزی علاقے میں ہزارہا افراد کی موجودگی میں نئے سال کو خوش آمدید اور سن 2017 کو الوداع کہا گیا۔ اس موقع پر زبردست آتش بازی کی گئی۔
دعاؤں کے ساتھ نئے سال کا آغاز
ویٹیکن سٹی میں کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسِس نے نئے سال کی دعائیہ تقریب میں کہا کہ جنگوں، ناانصافیوں اور ماحولیاتی مسائل نے 2017 کو گہنا دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خدا نے ہمیں سن 2017 کی شکل میں ایک خوب صورت سال دیا تھا، مگر ہم نے اپنی کوتاہیوں سے اسے برباد کر دیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کئی معاملات میں انسانوں نے مل کر مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے کام بھی کیا۔
برج خلیفہ پر ایل ہی ڈی شو
نئے سال کے موقع پر دبئی میں قائم دنیا کی سب سے بلند عمارت برج خلیفہ پرایل ای ڈی لائٹس شو منعقد کیا گیا۔ یہ عمارت بہت دیر تک مختلف رنگ، اشکال، تصاویر اور ڈیزائن بکھیرتی دکھائی دی۔ دبئی میں نئے سال کی اس تقریب میں بھی ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
اصلاحات جاری رہیں گی
فرانسیسی صدر ماکروں نے کہا ہے کہ وہ ملک میں اصلاحات کو پوری رفتار سے جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ نئے سال کے موقع پر قوم سے خطاب میں ماکروں نے کہا کہ فرانس تارکین وطن اور مہاجرین کو اپنے ہاں جگہ دیتا رہے گا، تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ضوابط ضروری ہیں۔
جوہری شمالی کوریا بات چیت کے لیے تیار
نئے سال کے موقع پر شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے امریکا کو خبردار کیا کہ جوہری ہتھیاروں کا بٹن ہر وقت ان کے ٹیبل پر ہوتا ہے۔ کم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ امریکا اسے دھمکی نہیں حقیقت سمجھے۔ انہوں نے تاہم کہا کہ شمالی کوریا بات چیت کے لیے تیار ہے۔
نئے سال پر ٹرمپ کی زبردست پارٹی
نئے سال کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک پرائیویٹ کلب میں پرتعیش پارٹی کا اہتمام کیا۔ اس تقریب سے خطاب میں انہوں نے اپنے دور حکومت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا سال اور بھی بہتر ہو گا۔
جنوبی امریکا میں نئے سال کے رنگ
اس تصویر میں ریوڈی جنیرو میں نئے سال کا استقبال کیا جا رہا ہے۔ برازیل سمیت پورے جنوبی امریکا میں نئے سال کی رنگا رنگ تقریبات منعقد ہوئیں، جہاں لوگوں نے گزشتہ برس کو الوداع کہتے ہیں، جشن مناتے ہوئے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔
نیا سال شروع ہوا
آسٹریلیا دنیا کے ان ممالک میں سے ایک ہے، جہاں نئے سال کی تقریبات سب سے پہلے شروع ہوتی ہیں۔ آسٹریلوی شہر سڈنی میں نئے سال کی تقریبات کے لیے دنیا بھر سے سیاح جمع ہوتے ہیں۔ سڈنی کے اوپیرا ہاؤس کے عقب میں فضا میں بکھرے رنگ نئے سال کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔