دنیا بھر میں پہلی مرتبہ: کینیڈا میں ہر سگریٹ پر چھپی تنبیہ
2 اگست 2023کینیڈا میں اٹاوہ سے بدھ دو اگست کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق شمالی امریکہ کے اس ملک میں لازمی ہو گیا ہے کہ تمباکو نوشی کے خلاف وارننگ اب ڈرا دینے والی تصاویر اور تنبیہ کرنے والے متن کے ساتھ صرف سگریٹ کے پیکٹوں کے باہر ہی چھپی ہوئی نہیں ہو گی، بلکہ کسی بھی پیکٹ کے اندر ہر سگریٹ پر بھی ایسے تنبیہی پیغامات چھپے ہوئے ہوں گے۔
انفرادی تنبیہات والے سگریٹ اسی سال ملکی مارکیٹ میں
اس حوالے سے کینیڈا میں نئے ضوابط کا اعلان اسی سال مئی میں کیا گیا تھا، جو اب منگل یکم اگست سے نافذالعمل بھی ہو گئے ہیں۔ ہر سگریٹ پر چھاپے گئے اور وارننگ دینے والے یہ پیغامات اس نوعیت کے ہوں گے: ''سگریٹ افزائش نسل کی اہلیت ختم کر دیتے ہیں،‘‘ اور ''ہر کش میں زہر ہے۔‘‘
جرمنی: بچوں کی موجودگی میں سگریٹ نوشی پر پابندی کا منصوبہ
توقع ہے کہ کنگ سائز سگریٹوں کے کسی بھی پیکٹ میں ہر سگریٹ پر ایسے انفرادی پیغامات شائع کرنے کا سلسلہ اور ایسے سگریٹوں کی ملکی مارکیٹ میں آمد اسی سال شروع ہو جائیں گے۔ اس کے برعکس کینیڈین سٹوروں سے پیکٹوں میں خریدے جانے والے ریگولر سائز کے سگریٹوں پر ایسی تنبیہات شائع کرنے کا سلسلہ 2025ء کے اوائل میں شروع ہو جائے گا۔
’میں اب اسموکر نہیں،‘ آپ کو بھی تمباکو نوشی کیوں ترک کر دینا چاہیے؟
نشے کی عادت کے خلاف کینیڈا کی سابق خاتون وزیر کیرولین بینیٹ کے مطابق، ''سگریٹ کے پیکٹوں پر شائع کیے جانے والے پیغامات اور زیادہ ڈراؤنی تصاویر کی اشاعت کے ساتھ ساتھ اب ہر سگریٹ پر ایسے پیغامات چھاپے جانے سے کینیڈین صارفین کو زیادہ حقیقی اور چونکا دینے والے انداز میں یہ باور کرایا جا سکے گا کہ تمباکو نوشی کے صحت کے لیے نقصانات کتنے تباہ کن ہوتے ہیں۔‘‘
ڈسپوزیبل ای سگریٹ، نیوزی لینڈ میں مکمل پابندی کا اعلان
سن دو ہزار میں بھی اپنی نوعیت کا اولین اقدام
ان نئے ضوابط کی منظوری اور اب ان کے مؤثر ہو جانے سے قبل کینیڈا نے 2000ء میں بھی ایسا ہی ایک قدم اٹھایا تھا، جو تمباکو نوشی کے خلاف کیا جانے والا عالمی سطح پر اپنی طرز کا پہلا اقدام تھا۔ یہ فیصلہ سگریٹ کے پیکٹوں پر تمباکو نوشی کے عادی افراد کی بیماری کی صورت میں لی گئی ایسی خوفناک طبی تصاویر کی اشاعت سے متعلق تھا، جو اس سے پہلے دنیا کے کسی بھی ملک میں ایسے نہیں چھاپی جاتی تھیں۔
پاکستان میں تمباکو نوشی: روزانہ بارہ سو نابالغ بچوں کا اضافہ
تب یہ تصاویر سگریٹ نوش افراد کو لاحق دل اور پھیپھڑوں کی مختلف بیماریوں کی ہوتی تھی، جن کے اشاعت کا مقصد یہ تھا کہ عام شہریوں میں تمباکو نوشی کے صحت پر انتہائی منفی اثرات کے خلاف شعور بیدار کیا جا سکے۔
تمباکو نوشی میں کمی کا رجحان
کینیڈا میں سماجی سطح پر تمباکو نوشی کا رجحان گزشتہ دو دہائیوں سے بتدریج کم ہو رہا ہے۔ تاہم حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اسموکنگ آج بھی ہر سال کینیڈا کے تقریباﹰ 48 ہزار شہریوں کی موت کی براہ راست یا بالواسطہ طور پر وجہ بنتی ہے۔
اس کے علاوہ کینیڈا میں صحت کے شعبے پر اٹھنے والے اخراجات میں سے تقریباﹰ نصف ان مریضوں کی وجہ سے ہوتے ہیں، جو تمباکو نوشی یا نشے کی دیگر صورتوں کے عادی ہوتے ہیں۔
ویپنگ بھی تمباکو نوشی جتنی ہی خطرناک
کینیڈا کی حکومت ملک میں تمباکو نوشی کرنے والے شہریوں کیی تعداد میں مزید کمی کرنا چاہتی ہے۔ ہدف یہ ہے کہ 2035ء تک یہ تعداد مزید کم کر کے دو ملین یا ملک کی مجموعی آبادی کے صرف پانچ فیصد تک لائی جائے۔ اس وقت کینیڈین شہریوں میں سے تقریباﹰ 13 فیصد تمباکو نوشی کے عادی ہیں۔
م م / ش ر (اے ایف پی)