دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 70 لاکھ سے متجاوز
8 جون 2020برازیل میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 37 ہزار 312 ہوگئی ہے۔
پولینڈ میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی وجہ کوئلے کی کان میں کام کرنے والے افراد کا متاثر ہونا بتایا جا رہا ہے۔
عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ چار لاکھ سے زائد افراد اب تک ہلاک ہوچکے ہیں۔
عالمی سطح پر سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں 19 لاکھ سے زیادہ متاثرین ہیں اور ایک لاکھ 10 ہزار سے زیادہ اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔
متاثرین کے اعتبار سے برازیل دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ہلاکتوں کی لحاظ سے برطانیہ دوسرے نمبر پر ہے۔
جرمنی کے معروف سائنسی ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 301 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے اور اس طرح ملک میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار 979 تک تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 22 افراد مزید ہلاک ہوئے ہیں اور اس طرح اموات کی تعداد آٹھ ہزار 668 ہوگئی ہے۔
نیوزی لینڈ میں گزشتہ فروری کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کورونا وائرس کا اس وقت کوئی بھی کیس نہیں ہے اور پہلی بار ملک میں الرٹ بھی نچلی ترین سطح پر ہے۔ تاہم وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے اس کے باوجود سرحدیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے، ''ہماری سرحدیں ہمارے دفاع کی پہلی لائن ہیں اور چونکہ ہم باہر سے وائرس درآمد کرنا نہیں چاہتے اس لیے ہماری سرحدیں بند رہیں گی۔''
محترمہ جیسنڈا کا کہنا تھا کہ سرحد کھولنے سے متعلق نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان بات چیت جاری ہے لیکن اس کے علاوہ منگل نو جون سے کورونا وائرس سے متعلق عائد تمام پابندیوں کو ختم کر دیا جائے گا۔حکو مت کے اس فیصلے کے تحت منگل سے نقل و حمل سمیت تمام کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر شروع ہونے کا امکان ہے۔
امریکا میں 691 مزید افراد کووڈ 19 سے ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ تعداد گزشتہ ایک ہفتے میں سب سے کم ہے جبکہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار 482 ہوگئی ہے۔ ملک میں مجموعی طور پر 19 لاکھ 30 ہزار سے بھی زیادہ افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
برازیل میں محکمہ صحت نے کورونا وائرس سے اب تک 37 ہزار 312 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد چھ لاکھ، 85
ہزار 427 بتائی جا رہی ہے۔ لیکن بعض حلقوں کے مطابق یہ تعداد اعداد و شمار جمع کرنے کے نئے اصول و ضوابط کے تحت ہے، جس پر کئی جانب سے نکتہ چینی ہورہی ہے، ورنہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
ارجینٹینا میں حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز 774 مزید نئے کیسز کا انکشاف ہوا ہے اور کورونا وائرس سے متاثرہ 16 افراد کی موت ہوگئی۔ ملک میں اس وقت متاثرین کی تعداد 22 ہزار 794 ہے۔ پولینڈ میں ہفتے کے اواخر میں ڈیڑھ ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے جو ایک بڑی تعداد ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے 26 ہزار 562 کیسز ہیں جس میں سے بیشتر کا تعلق کوئلے کی ایک کان سے ہے۔
ادھر جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں کمی درج کی گئی ہے۔ ملک کے بہت سے علاقوں میں اسکولوں کو کھولا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق ایک دن پہلے 57 کے مقابلے میں پیر کو صرف 38 نئے کیسز سامنے آئے۔ ان تمام کیسز کا تعلق دارالحکومت سیول سے بتایا جا رہا ہے۔ جنوبی کوریا میں دو ہفتے قبل وباء کا اثر کافی کم ہوگیا تھا اور بندشوں میں نرمی کی گئی تھی اور اب دوبارہ اس کی لہر کی وجہ سے بندشوں میں سختی کا حکم دیا گیا ہے۔
ص ز/ ج ا (ایجنسیاں)