1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا پاکستان کو جوہری طاقت تسلیم کرے: وزیراعظم گیلانی

8 مئی 2010

ہفتے کے روز پاکستانی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بیلسٹک میزائلوں کے دو نئے کامیاب تجربات کئے ہیں۔ ان میزائلوں کے تجربات کے موقع پر وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ دنیا پاکستان کو ایک جوہری طاقت تسلیم کرے۔

https://p.dw.com/p/NJKl
تصویر: Abdul Sabooh

پاکستانی فوج کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز 290 کلومیٹر تک مار کر سکنے والے غزنوی اور 650 کلومیٹر کے فاصلے تک مار کرنے والے شاہین ون بیلسٹک میزائلوں کے کامیاب تجربے کئے گئے۔ یہ دونوں میزائل روایتی اور جوہری ہتھیاروں کو ان کے اہداف تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان تجربات کے موقع پر وزیر اعظم گیلانی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل طارق مجید اور دیگر اعلیٰ فوجی اور حکومتی عہدیدار بھی موجود تھے۔

پاکستانی وزیر اعظم گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ بین الاقوامی برادری پاکستان کو ایک جوہری طاقت کے طور پر تسلیم کرے اور سویلین مقاصد کے لئے جوہری توانائی سے استفادہ کرنے میں پاکستان کی مدد کی جائے۔

Atomrakete Pakistan Flash-Galerie
پاکستان کے پاس کم، درمیانے اور طویل فاصلے تک مار کی صلاحیت کے حامل میزائل موجود ہیںتصویر: AP

’’دنیا کے لئے پاکستان کو ایک جوہری طاقت تسلیم کرنے کا یہ اہم وقت ہے تاکہ ہمیں مساوی حقوق اور ذمہ داریاں حاصل ہوں۔‘‘

گیلانی نے نیوکلیئر سپلائر گروپ NSG سے مطالبہ کیا کہ پاکستانی معیشت کی بہتری کے لئے توانائی کی اشد ضرورت ہے اور جوہری توانائی اس سلسلے میں بہتر کردار کی حامل ہو گی۔

پاکستان ان دنوں توانائی کے شدید بحران کا شکار ہے اور بھارت اور NSG کے درمیان پرامن مقاصد کے لئے جوہری توانائی کے معاہدے کے بعد سے پاکستان مسلسل سویلین مقاصد کے لئے جوہری توانائی کے حصول کے ایسے ہی معاہدے کی کوششوں میں ہے۔

پاکستان کے میزائل اثاثوں میں کم، درمیانے اور طویل فاصلے تک مار کر سکنے والے میزائل موجود ہیں اور یہ میزائل مسلمان فاتحین کے ناموں سے موسوم ہیں۔ جنوبی ایشیا میں سن 1998ء میں بھارت اور پاکستان نے جوہری تجربات کئے تھے اور تب سے اب تک دونوں جانب سے وقفے وقفے سے میزائل تجربے بھی کئے جاتے ہیں۔

جوہری ٹیکنالوجی کی برآمد اور فروخت کے بین الاقوامی گروپ NSG کے قواعد کے مطابق ایسے ممالک کو عمومی طور پر ایٹمی ٹیکنالوجی منتقل نہیں کی جاتی، جنہوں نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی پر دستخط نہ کئے ہوں۔ پاکستان نے اب تک اس معاہدے پر دستخط نہیں کئے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں