1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کا دوسرا سب سے بڑا گلابی ہیرا سترہ ملین یورو میں نیلام

مقبول ملک
16 نومبر 2016

انتہائی نایاب قسم کے گلابی ہیروں میں سے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ہیرا ’فینسی وِیوِڈ‘ سوئٹزرلینڈ میں اٹھارہ اعشاریہ ایک ملین سوئس فرانک یا قریب سترہ ملین یورو کے عوض نیلام کر دیا گیا۔ خریدار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

https://p.dw.com/p/2Sm0r
Juwelenauktion bei Christie's - Rosafarbener Diamant "The Pink"
دنیا کا یہ دوسرا سب سے بڑا گلابی ہیرا قریب سترہ ملین یورو میں نیلام ہواتصویر: picture-alliance/dpa/J.-C. Bott

سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا سے بدھ سولہ نومبر کے روز موصولہ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق اس ہیرے کی فروخت کے لیے بولی جنیوا ہی میں منگل پندرہ نومبر کی رات بین الاقوامی سطح پر مشہور آکشن ہاؤس ’کِ‍رسٹِیز‘ کے ایک نیلام گھر میں لگائی گئی۔

Christie's کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس انتہائی نایاب لیکن بہت بڑے ہیرے کو ایک ایسی شخصیت نے ٹیلی فون پر بولی لگا کر خریدا، جو اپنی شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتی تھی۔ ’فینسی وِیوِڈ‘ (Fancy Vivid) نامی گلابی رنگ کے ایسے ہیرے دنیا میں بہت ہی کمیاب ہیں اور ایسے ہی کسی ایک قیمتی پتھر کے لیے ادا کی جانے والی 18.1 ملین سوئس فرانک یا تقریباﹰ 17 ملین یورو کی قیمت دنیا بھر میں ایسے کسی ہیرے کے لیے آج تک ادا کی گئی دوسری سب سے بڑی قیمت ہے۔

ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال ہیرے کی کانوں سے جتنے بھی ہیرے نکالے جاتے ہیں، ان میں سے محض ایک فیصد قیمتی پتھر ہی گلابی رنگ اور اس قسم کے ہوتے ہیں۔ جنیوا میں گزشتہ رات ایسا جو نایاب ہیرا نیلام کیا گیا، اسے ناشپاتی کی شکل میں تراشا گیا ہے اور اس کے نئے مالک کی قومیت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔

’کرِسٹیِز‘ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق 9.14 قیراط وزن کا یہ ہیرا اپنی ہیئت اور رنگت کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ہیرا ہے اور گزشتہ چند برسوں کے دوران مختلف ملکوں کی ارب پتی شخصیات میں اس طرح کے ہیروں کی طلب واضح طور پر زیادہ ہوئی ہے۔

Euro / Banknoten / Geldscheine
اس گلابی ہیرے کے لیے ٹیلی فون پر قریب سترہ ملین یورو ادا کرنے والا خریدار اپنی شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

اس قسم کے دنیا کے سب سے بڑے گلابی ہیرے کا وزن 15.38 قیراط ہے، جو اسی سال جنیوا میں Sotheby's آکشن ہاؤس نے 26.6 ملین یورو میں نیلام کیا تھا۔ یہ قیمت بین الاقوامی سطح پر کسی ایک ہیرے کے لیے ادا کی جانے والی سب سے زیادہ قیمت تھی۔

جنیوا میں 15 نومبر کی رات Fancy Vivid کی نیلامی اپنے آغاز کے محض ساڑھے تین منٹ بعد ہی مکمل ہو گئی اور اس نایاب ہیرے کو اس کا نیا مالک خرید چکا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں