دورانِ سفر کس ملک ميں کيا کرنا اور کيا نہيں کرنا چاہيے؟
سياحوں کے ليے يہ اہم ہے کہ وہ جن ملکوں کا رخ کر رہے ہيں، ان کے بارے ميں تھوڑی سی معلومات ضرور حاصل کر ليں۔ ہر ملک کے رواج اور طور طريقے مختلف ہوتے ہيں۔ کہيں آپ کوئی ایسی حرکت نہ کر بيٹھيں، جو شرمندگی کا باعث ہو۔
ازبکستان
رواں سال کے آغاز سے ازبکستان ميں غير شادی شدہ جوڑے ہوٹل ميں ايک ہی کمرے ميں رہ سکتے ہيں۔ پچھلے سال تک اسے غير اخلاقی سمجھا جاتا تھا تاہم اب قانوناً اس کی اجازت ہے۔ يہ قدم ازبکستان ميں سياحت کو فروغ دينے کے ليے اٹھايا گيا ہے۔
فرانس
اچھا کھانا فرانسيسی طرز زندگی کا ايک اہم جزو ہے۔ ميز پر بيھٹنے اور کھانے کے آداب کافی اہميت کے حامل ہيں۔ کھانا کھاتے وقت منہ سے آواز نکالنا غلط سمجھا جاتا ہے۔ فرانس میں مرغی کو ہاتھ کے بجائے چمچے اور کانٹے سے کھانا چاہيے اور يہی اصول سلاد کے پتوں پر بھی لاگو ہوتا ہے ليکن سب سے ضروری يہ ہے کہ آپ اپنی پليٹ پوری نہ چٹ کر جائيں۔ کھانے کے اختتام پر پليٹ ميں کچھ بچا رہنا ’اچھے آداب‘ کی نشاندہی کرتا ہے۔
جرمنی
جرمن شہری وقت کی پابندی کے ليے مشہور ہيں۔ يعنی آگر آپ کو کوئی کھانے پر مدعو کرے يا پھر آپ کی کسی سے ملاقات ہو، تو ياد رکھيے کہ گيارہ بجے کا مطلب عين گيارہ بجے ہے۔ ہاں، اگر کسی وجہ سے دير ہو ہی جائے، تو اپنے ميزبان سے معافی مانگنا يا پھر اسے قبل از وقت اطلاع دينے کو اچھا سمجھا جاتا ہے۔
آئس لينڈ
آئس لينڈ ميں گرم پانی کے ان گنت چشمے ہيں ليکن ان ميں اترنے کے ليے قوانين کا احترام لازمی ہے، جو سوئمنگ پول ميں ڈبکی لگانے کے ليے لاگو ہوتے ہيں۔ چشمے يا سوئمنگ پول کے آس پاس کے علاقے تک رسائی کے ليے قبل ازیں ننگے پاؤں ہونا اور برہنہ حالت ميں صابن کے ساتھ نہانا لازمی ہے۔ اگر سياح ايسا نہ کريں، تو مقامی لوگ اپنی ناراضی کا اظہار کر سکتے ہيں۔
ترکی
يہ بڑی ہی دلچسپ حقيقت ہے کہ آپ کے چہرے کے تاثرات اور اشاروں کے مختلف ملکوں اور معاشروں ميں مختلف معانی ہيں۔ مثال کے طور پر چاروں انگلياں بند کر کے انگوٹھا دکھانے کا مطلب بيشتر ثقافتوں ميں ’زبردست‘ ہے ليکن ترکی ميں اس کا مطلب کسی کو ہم جنسی پرستی کی دعوت دينا ہے۔ تو ذرا خيال سے۔
متحدہ عرب امارات
متحدہ عرب امارات ميں شراب نوشی سنجيدہ معاملہ ہے۔ ہوٹل وغيرہ ميں تو ايسا ممکن ہے ليکن عوامی مقامات پر ايسا کرنے والے کو سزا ہو سکتی ہے۔ يہ بھی ياد رکھا جائے کہ کپڑے ايسے نہ ہوں، جن سے جسم کا زيادہ حصہ دکھائی دے، خواہ آپ مرد ہوں يا عورت۔ متحدہ عرب امارات ميں چاہے کتنی بھی گرمی ہو، مقامی لوگ نيکر وغيرہ کم پہنتے ہیں۔
بھارت
بھارت ميں کھانا کھاتے وقت اس بات کا دھیان ضرور رکھيں کہ آپ اپنا سيدھا يا داياں ہاتھ استعمال کريں۔ کسی سے ہاتھ ملانے يا پھر کسی کا طرف اشارہ کرنے کے ليے بھی بہتر ہی ہو گا کہ آپ يہی ہاتھ استعمال کريں۔ وہاں بائيں ہاتھ کو ناپاک سمجھا جاتا ہے۔
چين
چين ميں کبھی کسی کے گھر تحفے کے بغير نہ جائيں۔ ہاں، ليکن تحفے ميں پھول نہ ديں کيونکہ چين ميں پھول زیادہ تر کسی کے موت کے موقع پر ہی ديے جاتے ہيں۔ يہ اچھا ہو گا کہ آپ اپنے ساتھ اپنے ملک کی کوئی منفرد کھانے پينے کی شے اپنے چينی ميزبان کو پيش کريں۔ يہ توقع بھی نہ رکھيں کہ آپ کا ميزبان آپ کی موجودگی ميں تحفہ کھولے گا، چينی ثقافت ميں يہ اس وقت کيا جاتا ہے، جب تحفہ لانے والے مہمان رخصت ہو چکے ہوں۔
سنگاپور
سنگاپور ميں صفائی بہت اہم ہے۔ عوامی مقامات پر تو اور بھی زيادہ خيال رکھا جانا چاہيے۔ ويسے تو کئی ممالک ميں سڑکوں پر کچرا پھينکنے پر سزا ہو سکتی ہے ليکن سنگاپور ميں ايسا ہونے کے امکانات سب سے زيادہ ہيں۔ سنگاپور ميں سڑکوں، مسافر بسوں اور ٹرينوں ميں کھانے پينے کو بھی اچھا نہيں سمجھا جاتا۔
امريکا
اگر آپ سياح کے طور پر امريکا جائيں، تو کہيں بھی کسی کو بھی ٹپ دينا نہ بھوليں۔ ريستورانوں وغيرہ ميں اپنے بل کا دس تا بيس فيصد اور ٹيکسيوں ميں پندرہ فيصد ٹپ ضرور ديں۔ کئی لوگوں کا اس پر دارومدار ہوتا ہے۔