دیوار برلن: ڈانس پرفارمنس
8 نومبر 2009جرمنی کی ہائنرش بوئل فاؤنڈیشن کے تعاون سے تکمیل پانے والے اس منصوبے میں دو امریکی ڈانس گروپس خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔
’Battery Dance Company ‘ اور ’Drastic Action‘ نامی یہ گروپس نو نومبر کو دیوار برلن گرائے جانے کی بیس سالہ تقریبات کے موقع پر اپنی پرفارمنس پیشں کریں گے۔ اس موقع پر برلن کے مختلف اسکولوں کے تقریباً سو نوجوان بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
ہائنرش بوئل فاؤنڈیشن کی سُوزن ہَیرمےناؤ کے مطابق نوجوانوں کی بڑی تعدا دیوار برلن کے انہدام کے بارے میں زیادہ نہیں جانتی تھی۔ سُوزن کے بقول نوجوانوں نے اِس موضوع میں دلچسپی بھی کم ہی ظاہر کی، جس وجہ سے ابتداء میں انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کے اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کا اس تاریخی واقعے کے بارے میں دلچسپی بڑھانا ہے، تاکہ وہ اپنے بڑے بوڑھوں کے ساتھ اس موضوع پر بات کرسکیں جیسے کہ مشرقی جرمنی کس طرح کی ریاست تھی؟ وہاں لوگ کیا کرتے تھے، اور کس طرح رہتے تھے؟
سُوزن نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے لئے جن نوجوانوں کا انتخاب کیا گیا ہے، انہیں پہلے ہی سے ڈانس کا تجربہ ہے اور وہ کئی مرتبہ اپنی پرفارمنس بھی دے چکے ہیں۔ اس پروجیکٹ کے نگران جوناتھن ہالینڈر نے بتایا کہ ’Dancing to Connect‘ میں دیوار برلن کے زمانے میں پائے جانے والے جذبات کو ڈانس کے ذریعے دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اُن کے بقول جب جرمن نوجوانوں کی پہلی مرتبہ امریکی فنکاروں کے گروپ سے ملاقات ہوئی تو وہ حیرت زدہ رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو امید تھی کہ نیو یارک سے آنے والا گروپ انہیں ڈانس کی تربیت دے گا۔ لیکن وہ اس وقت حیران رہ گئے جب امریکی گروپ کے ارکان نے کہا کہ وہ اسٹیج پر جرمن طلبہ کے آگے کھڑے نہیں ہوں گے اور نہ ہی جرمن نوجوانوں کو ان کی تقلید کرنا ہوگی۔ اِن امریکی فنکاروں کا کہنا تھا کہ وہ اِن طلبہ میں سے ہر کسی کی ذات میں ایک رقاص تلاش کریں گے۔
رپورٹ : عدنان اسحاق
ادارت: شادی خان سیف