1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راکٹ حملے کے سبب نیتن یاہو کی ریلی متاثر

26 دسمبر 2019

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو لیکوڈ پارٹی کی قیادت کے لیے کارکنان کی ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے کہ غزہ پٹی سے ایک راکٹ فائر کیا گيا اور وہاں افرا تفری پھیل گئی۔

https://p.dw.com/p/3VL9T
Benjamin Netanjahu Ministerpräsident von Israel
تصویر: dpa

اسرائیل کی حکمران دائیں بازو کی جماعت لیکوڈ پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے لیے پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان سخت مقابلہ ہے اور اس کے لیے جمعرات سے ووٹنگ شروع ہو رہی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اسی سلسلے میں پارٹی کارکنان سے خطاب کر رہے تھے کہ راکٹ سے خبردار کرنے کا سائرن بجا اور نیتن یاہو کو اسٹیج سے اتار کر محفوط مقام پر لے جایا گيا۔ بعدازاں ’خطرہ ٹل گياُ تو انہوں نے اپنی تقریر ختم کی۔

اسرائیلی محمکہ دفاع کے ایک بیان کے مطابق راکٹ کو اسرائیل کے دفاعی نظام ’آئرن ڈوم ایئر ڈیفینس سسٹم‘ نے ناکارہ بنا دیا۔ اس سے متعلق ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سائرن کے سبب ریلی میں خلل پڑنے کے بعد اسرائیلی وزيراعظم، ان کی اہلیہ سارہ اور ان کے دیگر ساتھیوں کو اسٹیج سے نیچے اتارا جا رہا ہے۔ اسرائیلی اخبار ہاریٹز کے مطابق ریلی سے نکالنے کے بعد ان سب کو محفوظ مقام پر لے جایا گيا اور جب خطرہ ٹل گیا تو نیتن یاہو نے واپس آکر اپنے خطاب کو مکمل کیا۔

آئندہ عام انتخابات میں پارٹی کی قیادت کون سنبھالے گا اس کے لیے انتخاب ہو رہے ہیں اور نیتن یاہو کو اس کے لیے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ اسرائيل میں اس برس دو مرتبہ عام انتخابات ہو چکے ہیں لیکن لیکوڈ پارٹی دوسری جماعتوں کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت کی تشکیل میں ناکام رہی ہے اور نیتن یاہو کی کوشش ہے کہ اس مہم میں انہیں کسی طرح اکثریت مل جائے تاکہ پارٹی کی قیادت ان کے پاس رہے۔

اسرائیلی فوج نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ راکٹ حملے کے بعد اس نے غزہ میں شدت پسندوں کے کئی ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نے اس موقع پر اپنے خطاب میں غزہ کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرنے کا اشارہ دیا۔ اخبار ’ہاریٹز‘ کے مطابق انہوں نے اسلامی جہاد کے ایک لیڈر کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ جس نے پچھلی بار راکٹ فائر کیا تھا وہ اب ہمارے درمیان نہیں ہے اور جس نے اب فائر کیا ہے، اسے بھی اب اپنی تیاری شروع کر دینی چاہیے۔

ابھی تک کسی بھی فلسطینی گروپ نے بدھ کے روز کے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، تاہم غزہ پٹی سے وقتاﹰ فوقتاﹰ چھوٹے راکٹ فائر ہوتے رہتے ہیں اور اسرائیل کا دفاعی نظام آئرن ڈوم ان سب کو روکنے کا کام کرتا رہتا ہے۔

فلسطینی اسرائیل کو اپنی سرزمین پر قابض سمجھتے ہیں جبکہ اسرائیل کا اس علاقے میں بجلی، پانی، غذا، اور ادویات جیسی تمام ضروری اشیاء کی فراہمی پر سخت کنٹرول ہے۔

ز ص / ا ا (اے ایف پی، روئٹرز)