1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رجنی کانت کی نئی فلم، شائقین بے تابی سے منتظر

عاطف توقیر20 جولائی 2016

بھارت کے تامل فلم اسٹار رجنی کانت کی نئی فلم منظرِعام پر آنے کو ہے اور اس ریلیز سے قبل بھارت بھر میں ان کے کروڑوں مداح بے صبری سے اس فلم کے منتظر دکھائی دیتے ہیں۔ یہ فلم جمعہ اکیس جولائی کو ریلیز ہو رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1JSf0
Rajinikanth indischer Schauspieler ARCHIV 2012
تصویر: Strdel/AFP/GettyImages

کابالی نامی اس فلم کی ریلیز سے قبل ہی شائقین اس فلم کے ابتدائی شوز کے ٹکٹوں کے حصول کی کوشش میں ہیں جب کہ ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی اور بھارت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکز بنگلور میں اہم کاروباری اداروں نے اپنے ملازمین کو ایک دن کی چھٹی دے دی ہے، تاکہ وہ یہ فلم دیکھ سکیں۔

شاپنگ اور ڈیلیوری ویب سائٹ اوئٹیرے ڈاٹ کام کے بانی ایس شری رام نے اپنے ادارے کے ملازمین کو یہ فلم دکھانے کے لیے کابالی فلم کے دو شوز بک کرائے ہیں۔

Indien Schauspieler Rajianikanth
تصویر: CC/Kart777 at en.wikipedia

بھارتی کارساز ادارے ماروتی سوزوکی نے بھی اس فلم کے گرافکس اور مکالموں سے مزین ایک گاڑی متعارف کروا دی ہے، جو تامل ناڈو میں بک رہی ہے۔

شیوا جی راؤ گائیکواڈ جنہیں عرف عام میں رجنی کانت کے نام سے جانا جاتا ہے، بنگلور میں ایک بس کنڈکٹر کے طور پر کام کرتے تھے، تاہم بعد میں وہ فلموں میں آئے اور انہوں نے مافوق الفطرت طرز کے ہیرو کے کردار نبھائے اور اپنے بے پناہ مداح بنائے۔

چنئی سے تعلق رکھنے والی ایک فضائی کمپنی سے وابستہ سری نواس جیاسیلن نے کابالی فلم دیکھنے کے لیے اس فلم کے ایک کے بعد ایک دس ٹکٹ بک کرائے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا وہ رجنی کانت کی طرح کسی اور اداکار کے بھی اتنے بڑے مداح ہیں، تو ان کا جواب تھا، ’’میرا ایک باپ، ایک ماں اور ایک خدا ہے اور وہ خدا رجنی کانت ہے۔‘‘

تامل فلموں کے تجزیہ کار سُدھا جی تلک کہتے ہیں، ’’رجنی کانت لوگوں کے لیے ایک آئیڈیل ہیں، جنہیں کسی مذہبی پیشوا کی طرح پوجا جاتا ہے۔‘‘

تلک کا مزید کہنا تھا، ’’وہ غریب گھرانے سے تعلق رکھنے اور فلموں میں انصاف کے لیے لڑنے والے کردار کرنے کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔‘‘