’رنگ دے پشاور‘
خیبر پختونخوا نے صوبائی دارلحکومت میں ’رنگ دے پشاور‘ نامی ایک ایسی مہم کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت شہر بھر کی دیواروں کو رنگین بنا کر پشاور کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جائے گا۔
حکومتی سرپرستی بھی
محکمہ سیاحت اور ثقافت کی زیر پرستی تین مرحلوں پر مشتمل اس مہم کے پہلے حصے میں یونیورسٹی روڈ کی دس سے بارہ دیواروں، دوسرے مرحلے میں پشاور بھر کی تمام تر دیواروں کو مختلف پینٹنگ اور رنگوں سے سجایا جائے گا۔ آخری حصے میں یہ مہم صوبے کے دوسرے شہروں میں بھی شروع کر دی جائے گی۔
وال چاکنگ کا خاتمہ
ملک کے دوسرے شہروں کی طرح پشاور کی دیواریں بھی وال چاکنگ اور دیگر اشتہارات سے بدنما معلوم ہوتی ہیں۔ ان دیواروں کو صاف رکھنے اور وال چاکنگ کو ختم کرنے کے لیے صوبائی سطح پر قانون سازی بھی کی جا رہی ہے۔
طالب علموں کی دلچسپی
’رنگ دے پشاور‘کے آغاز کے پہلے ہی دن اس مہم میں بہت سے شہریوں نے حصہ لیا، جس میں طالب علم بھی شامل تھے۔
فنکار بھی پیش پیش
نوجوانوں، طلباء اور طالبات کے علاوہ آرٹسٹس، فنکاروں اور محکمہ ثقافت کے حکام نے بھی اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں اور دلکش رنگوں سے دیواروں کو رنگ رہے ہیں۔
پشاور یونیورسٹی کی شرکت
پشاور یونیورسٹی کی طالبہ نادیہ کہتی ہیں کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے، ’’مجھے خوشی ہے کہ میں بھی اس مہم میں حصہ لے رہی ہوں۔ اس سے علاقے کی رونق زیادہ ہو جائے گی۔‘‘
خواتین کی شرکت بھی دیدنی
پشاور گزشتہ کئی سالوں سے دہشت گردی کے لپیٹ میں رہا ہے، مگر ’رنگ دے پشاور‘ جیسی مہم میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی شرکت دیکھ کر یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پشاور کے لوگ ہر قسم کے حالات میں مثبت سرگومیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔
بھرپور تیاری کے ساتھ
دیواروں پر نقش ونگار بنانے سے پہلے ماہرین نے ان دیواروں کے باقاعدہ طور پر نقشے تیار کیے، جس میں پہلے سے رنگ، نقش و نگاری اور سائز کا تعین کیا گیا ہے۔ ان نقشوں کے مطابق دیواروں پر پہلے خاکے بنا کر بعد میں ان کو رنگوں سے بھرا جاتا ہے۔
محکمہ ثقافت خیبر پختونخوا بھی ساتھ ساتھ
ڈائریکٹر محکمہ ثقافت خیبر پختونخوا عبدالباسط کے بقول، یہ مہم شہر کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے، ’’اس سے شہریوں کو یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ وہ دیواروں کی صفائی میں حصہ لیں کیونکہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔‘‘
امن کا پیغام بھی
’رنگ دے پشاور‘ میں جہاں سینکڑوں شہری رضاکارانہ طور پر اس مہم کو کامیاب بنا رہے ہیں وہیں صوبائی حکومت اس کو امن کے پیغام اور تبدیلی سے تشبیہ دے رہی ہے۔
صفائی کا کام بھی جاری
نیٹ اینڈ کلین پشاور کے مشن کے پیش نظر شہریوں نے دیواروں پر رنگ اور نقش نگاری کرنے کے علاوہ شہر سے گندگی کو ختم کرنے اور صفائی کی مہم کا بھی آغاز کیا ہے، جس میں نوجوانوں نے عملی طور پر حصہ لے رہے ہیں۔
سیاحت کا فروغ بھی ایک کوشش
’رنگ دے پشاور‘ مہم کی ایک اور خاص بات یہ بھی ہے کہ دیواروں پر پینٹنگ کے ذریعے ملک کے مختلف سیاحی مقامات کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔ جس سے سیاحت کو بھی فروع دیا جا رہا ہے۔