رنگ، مستی اور سحر انگیزی، وینس کارنیوال شروع
یورپ کا مقبول ترین کارنیوال اطالوی شہر وینس میں شروع ہو گیا ہے۔ سولہ روزہ کارنیوال میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے لوگ اٹلی کا رخ کرتے ہیں۔
یورپ کا مقبول ترین کارنیوال
وینس کارنیوال کو ریو ڈی جنیرو کے کارنیوال کے بعد دنیا کا سب سے زیادہ مقبول اور مشہور ترین کارنیوال قرار دیا جاتا ہے۔ اس مرتبہ یہ کارنیوال ستائیس جنوری کو شروع ہوا، جو ’ایش ویڈنس ڈے‘ سے ایک روز قبل یعنی تیرہ فروری تک جاری رہے گا۔
تخلیقی صلاحیت: کھیلوں کا شہر
اس برس اس کارنیوال کا مرکزی خیال ہے، ’Creatum: Civitas Ludens‘۔ اس کا ترجمہ ’تخلیقی صلاحیت: کھیل کا شہر‘ کیا جا سکتا ہے۔
صدیوں پرانی روایت
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ وینس کارنیوال کا آغاز بارہویں صدی میں ہوا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ سن گیارہ سو باسٹھ میں ’جمہوریہ وینس‘ کی ایک بڑی جنگی کامیابی کے بعد ایک بڑے کارنیوال کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں مقامی لوگوں نے جشن منایا تھا۔ تب سے یہ کارنیوال ہر سال منایا جانے لگا۔
پابندی اور احیاء
سن سترہ سو ستانوے میں رومن بادشاہ فرانسس دوم نے اس کارنیوال پر پابندی لگا دی تھی، جس کے بعد سن انیس سو انہتر تک یہ کارنیوال باقاعدہ سرکاری طور پر نہیں منایا جا سکا تھا۔ تاہم جب یہ پابندی ختم ہوئی تو اس کارنیوال کا اہتمام ایک نئے رنگ اور مستی سے دوبارہ کیا جانے لگا۔
رنگا رنگ لباس اور پرشکوہ انداز
وینس کارنیوال کے شرکاء میں ماسک ہمیشہ سے ہی مقبول رہے ہیں۔ موج مستی کرنے والے شرکاء مختلف رنگوں، اقسام اور شبیہوں والے ماسک پہنتے ہیں۔ ہر سال اس کارنیوال میں خوبصورت ترین ماسک پہننے والے کو ایک خصوصی انعام بھی دیا جاتا ہے۔
خوبصورت ترین ماسک
خوبصورت ترین ماسک کس نے پہنا؟ اس کا فیصلہ کارنیوال کی ایک خاص جیوری کرتی ہے۔ اس جیوری میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی چیدہ چیدہ شخصیات کو جج بنایا جاتا ہے۔
دلفریب رقص
مہنگے کھانے اور دلفریب رقص وینس کارنیوال کے اہم جزو قرار دیے جاتے ہیں۔ ایسے کسی ایونٹ میں شامل ہونا کسی غریب شخص کے بس کی بات نہیں کیونکہ یہ انتہائی مہنگا شوق ہے۔
مہنگے کھانے
اس کارنیوال میں کھانے اور رقص کی کسی روایتی محفل میں جانے کے لیے انفرادی طور پر کئی سو یورو ادا کرنا تو عام سی بات ہے۔
گلوبل پارٹی
ایک اندازے کے مطابق اس مرتبہ اس سولہ روزہ کارنیوال میں تین ملین افراد شریک ہوں گے۔ ان افراد کا تعلق دنیا بھر سے ہو گا۔ ستائیس جنوری کو یہ پارٹی شراب نوشی اور رقص سے شروع ہوئی۔ حسب روایت شرکاء کی ایک بہت بڑی تعداد ’پیازا سان مارکو‘ یا سینٹ مارک اسکوائر میں موجود تھی۔
روشنیوں کی دنیا
فائر ورکس یا آتش بازی اور دریا کے کنارے مختلف ایونٹس اس کارنیوال میں انتہائی مقبول ہیں۔ سن دو ہزار اٹھارہ کے اس کارنیوال کے آغاز پر وینس میں موجود یہ لوگ شرکاء کو محظوظ کرنے کی خاطر کرتب دکھا رہے ہیں۔
سکیورٹی ہائی الرٹ
یورپ میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی وجہ سے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ اس مرتبہ اٹلی میں منعقد ہونے والے اس تاریخی کارنیوال کے موقع پر بھی کسی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر سکیورٹی اہلکار گشت پر ہیں۔