روس جرمنی میں سائبر حملوں سے باز رہے، برلن حکومت
6 ستمبر 2021جرمن سکیورٹی حکام نے ملکی پارلیمنٹ کو مطلع کیا تھا کہ رواں برس کم از کم تین مرتبہ اراکینِ پارلیمان کے کمپیوٹر ڈیٹا کو غیر ملکی سکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سے سائبر حملوں کا سامنا رہا۔ حال ہی میں ایسے ایک حملے میں برلن میں وفاقی مخلوط حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں کے کئی اراکین کے پرسنل ڈیٹا کو ہدف بنانے کی کوشش کی گئی۔
جرمنی میں عام انتخابات کتنے محفوظ ہیں؟
جرمن سکیورٹی ایجنسیوں کے مطابق حالیہ سائبر حملوں کے متاثرین میرکل حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں کے مختلف اراکین تھے۔
ان سیاست دانوں میں چانسلر میرکل کی کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) اور اس کی صوبے باویریا پر میں برسوں سے حکومت کرنے والی ہم خیال قدامت پسند پارٹی کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) کے ساتھ ساتھ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) کے اراکین شامل ہیں۔
برلن حکومت کے ترجمان کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران جرمن وزارت خارجہ بھی اس مناسبت سے اپنا موقف واضح کر چکی ہے۔
جرمن سائبر سکیورٹی ماہرین کا انتباہ
ان سائبر حملوں کے تناظر میں جرمن سائبر سکیورٹی کے حکام متنبہ کر چکے ہیں کہ غیر ملکی خفیہ ایجنسیاں اپنے ایسے حملوں سے اراکینِ پارلیمنٹ کے ذاتی کوائف اور دیگر معلومات حاصل کر کے شائع کر سکتی اور ان اراکین کی ذاتی معلومات کے ذریعے جھوٹی خبریں پھیلانے کا سلسلہ بھی شروع کر سکتی ہیں۔
’روسی‘ ہیکر گروپ کی طرف سے ستّر ملین ڈالر تاوان کا مطالبہ
جرمن حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ بعض ہیکرز اراکینِ پارلیمنٹ کی ای میلز کو بھی نشانہ بنانے کو کوشش میں ہیں۔ جب ان ہیکرز کو ٹریک کیا گیا، تو ان کا تعلق ایک روسی گروپ 'گھوسٹ رائٹر‘ سے جا ملا۔
گھوسٹ رائٹر
جرمن وزارتِ خارجہ کی خاتون ترجمان آندریا زاسے (Andrea Sasse) کا کہنا ہے کہ ہیکرز کا گروپ 'گھوسٹ رائٹر‘ روایتی انداز میں سائبر حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غلط معلومات پھیلانے کا مرتکب بھی ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق ہیکنگ اور سائبر حملوں کا موجودہ سلسلہ یقینی طور پر چھبیس ستمبر کے قومی پارلیمانی انتخابات کو متاثر کرنے کی ایک کوشش کے طور پر جاری ہے۔ ان کے مطابق ہیکرز وفاقی اور صوبائی اراکین پارلیمنٹ کے ذاتی کوائف چوری کرنے کی کوشش میں ہیں۔
روسی ہیکرز گروپ نے امریکی سروسز کو نشانہ بنایا: امریکا
جرمن حکومت کا کہنا ہے کہ وہ مصدقہ اطلاعات کی روشنی میں اب 'گھوسٹ رائٹر‘ گروپ کو روسی ریاست کے ساتھ جوڑ کر دیکھ سکتی ہے۔ آندریا زاسے نے واضح کیا کہ ہیکرز کے اس گروپ کی سرگرمیوں ناقابل قبول ہیں اور یہ جرمن جمہوری عمل کے لیے خطرناک ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے روسی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسی سرگرمیاں فوری اور لازمی طور پر ختم کی جائیں۔
ع ح / م م (ڈی پی اے، اے پی)