روس میں بوئنگ طیارہ کا حادثہ، پچاس ہلاک
18 نومبر 2013روسی جمہوریہ تاتارستان کی ہوائی کمپنی کا بوئنگ 737 کمرشل طیارہ کازان کے ہوائی اڈے پر اترتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثے کے بعد ہوائی جہاز کو آگ کے شعلوں نے اپنی گرفت میں لے لیا۔ کازان کا شہر جمہوریہ تاتارستان کا صدر مقام اور سب سے بڑا شہر ہے۔ روس کی شہری ہوابازی کے محکمے نے حادثے کی تصدیق کر دی ہے۔ اس طیارے پر تاتارستان کے گورنر الیگزینڈر انتونوف کے صاحبزادے اریک منیخانوف بھی سوار تھے۔
روس کی ایمرجنسی منسٹری کی جانب سے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے ناموں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ جہاز پر 44 مسافر اور چھ عملے کے افراد سوار تھے۔ اس فہرست میں بھی تاتارستان کے گورنر کے بیٹے کا نام شامل ہے۔ گورنر کا بیٹا سابقہ سوویت دور کی خفیہ ایجنسی کے جی بی (KGB) کی جگہ قائم کی جانے والی فیڈرل سکیورٹی سروس کی تاتارستان برانچ کا سربراہ تھا۔ حادثے کا شکار ہونے والا ہوائی جہاز ماسکو سے کازان شہر جا رہا تھا۔ کازان کا شہر ماسکو سے 720 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔
اِس سے قبل یہی ہوائی جہاز کازان سے ماسکو شہر کی پرواز مکمل کر چکا تھا۔ کازان سے ماسکو شہر پہنچنے والی پرواز پر سوار ایک صحافی خاتون لینارا کشفتدینوفا (Lenara Kashafutdinova) کے مطابق ماسکو کے ڈوموڈیڈوفو (Domodedovo) ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے وقت ہوائی جہاز کے اندر سے خوفزدہ کرنے والی آوازیں پیدا ہونا شروع ہو گئی تھیں خاتون صحافی کے مطابق ان آوازوں سے ہوائی جہاز پر سوار تمام مسافر بےچین اور پریشان ہو گئے تھے کیونکہ یہ سب بہت خوفزدہ کر دینے والا تھا اور اب جہاز کی تباہی سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ ہوائی جہاز میں پہلے سے تکنیکی نقص موجود تھا۔
روس میں ہوائی جہازوں کے حادثوں کی بنیادی وجہ پرانے ہوائی جہازوں کا استعمال تصور کیا جاتا ہے۔ روس کی ایوی ایشن صنعت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پرانے جہازوں کے استعمال کے ساتھ ساتھ عملے کی نامناسب تربیت بھی اہم ہے۔ اس کے علاوہ کئی ہوائی اڈوں کے رن وے بوسیدہ ہو چکے ہیں۔ اسی طرح سیفٹی پر عدم توجہ اور مختلف کمپنیوں کے منافع کے حصول کی تگ و دو بھی حادثوں کی وجوہات کا حصہ ہیں۔ سن 2011 میں یاروسلاول (Yaroslavl) کے مقام پر تباہ ہونے والے ہوائی جہاز میں چوالیس مسافروں کے ساتھ پوری پروفیشنل ہاکی ٹیم ہلاک ہو گئی تھی۔ روسی تفتیش کاروں نے دو سابقہ حادثوں کی تفتیش کے بعد یہ بتایا تھا کہ دونوں ہوائی جہازوں کے پائلٹ نشے کی حالت میں تھے۔ بوئنگ کمپنی نے طیارے کے حادثے کے حوالے سے اپنی ویب سائٹ پر ہلاک شدگان کے ساتھ تعزیت کا پیغام جاری کیا ہے۔
روسی جمہوریہ تاتارستان روس کے اندر ایک امیر ریاست تصور کی جاتی ہے۔ اس کی دو وجوہات ہیں ایک اس ریاست میں پائے جانے والے تیل و گیس کے وسیع ذخائر اور دوسری وہاں کی ہیوی انڈسٹری ہے جو بھاری ٹرک، ہیلی کاپٹر اور فوجی مال بردار طیارے تیار کرتی ہے۔ اس ریاست کی نصف آبادی تاتار مسلمانوں پر مشتمل ہے۔ اس کا صدر مقام اور سب سے بڑا شہر کازان روس کے متمول اور خوبصورت شہروں میں شمار کیا جاتا ہے۔