روس کا مسافر بردار طیارہ تباہ، چوالیس افراد ہلاک
21 جون 2011خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روسی ذرائع ابلاغ نے وزارت برائے ہنگامی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ مسافر طیارہ شمال مغربی علاقے كاريليا میں پیتروزافودسک کے قریب ایک ہائی وے پر گر کر تباہ ہوا۔
یہ طیارہ دارالحکومت ماسکو سے کاریلیا کے دارالحکومت پیتروزافودسک جا رہا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ رُس ایئر کا ٹی ٹو 134 طیارہ تھا، جس پر عملے کے نو اراکین سمیت باون مسافر سوار تھے۔ انہوں نے بتایا کہ طیارے نے پیر کو تقریباﹰ آدھی رات کے وقت ایئرپورٹ سے تقریباﹰ دو کلومیٹر کے فاصلے پر ایک موٹر وے پر لینڈنگ کی کوشش کی، جو کامیاب نہ ہوئی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ حادثہ عالمی وقت کے مطابق شام تقریبا پونے آٹھ بجے پیش آیا۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ گرنے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی۔ ایرو ناٹک ذرائع نے خبر رساں ادارے انٹرفیکس کو بتایا کہ لاشیں ہائی وے پر بکھری پائی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جائے حادثہ کے قریب ہی ایک آبادی بھی ہے، جو محفوظ رہی ہے۔
آٹھ افراد زخمی ہیں، جنہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ وزارت برائے ہنگامی حالات کی ترجمان ايرينا اندريانوفا نے خبر رساں ادارے RIA Novosti کو بتایا کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالات نازک ہے۔
خیال رہے کہ روس میں ٹرانسپورٹ کے نگراں ادارے نے رواں برس ملکی فضائی کمپنیوں کو ٹی یو سیریز کے دوسرے طیارے Tu-154B گراؤنڈ کرنے کے لیے کہا تھا۔ یہ اعلان سائبیریا میں اسی ماڈل کو پیش آنے والے ایک حادثے کے بعد کیا گیا تھا۔ یہ ماڈل سوویت دَور کے Tu-154طیارے کا ایک ورژن ہے، جو روس اور سابق سوویت یونین کے علاقائی ایئرروٹس پر وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل/ خبر رساں ادارے
ادارت: شامل شمس