روسی جنگلات میں آگ، امریکی امداد پہنچ گئی
14 اگست 2010روسی سرکاری میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکی فضائیہ کے دو C-130 جہاز ماسکو کے Vnukovo ایئر پورٹ پر ہفتے کی صبح اترے۔ ان طیاروں کے ساتھ ساتھ امریکی فضائیہ کے مزید دو مال بردار ہوائی جہاز جبکہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر اور سابق ہالی ووڈ فلم سٹار آرنلڈ شوازنیگر کی جانب سے بھی ایک خصوصی امدادی طیارہ ماسکو پہنچنے والا ہے۔
روسی وزارت برائے ہنگامی صورتحال کے نائب سربراہ Valery Shuikov نے ایئر پورٹ پر ان جہازوں کا استقبال کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ روس اس مشکل گھڑی میں امریکہ کی جانب سے بڑھائے جانے والے دوستی کے ہاتھ کو ہمشہ یاد رکھے گا۔
’’ہم اس اقدام کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ مشکل گھڑی میں ہماری طرف بڑھایا جانے والا دوستی کا ہاتھ ناقابل فراموش ہوگا۔‘‘
امریکی وزارت خارجہ کے مطابق روس کے لئے امریکہ نے مجموعی طور پر تقریبا چار اعشاریہ پانچ ملین ڈالر کا امدادی سامان ماسکو بھیجا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے روسی ہم منصب دمیتری میدیویدیف سے ٹیلی فون پر بات چیت میں وعدہ کیا تھا کہ وہ ماسکو کی مدد کے لئے آگ بجھانے والے آلات بھیجیں گے۔ اس امداد میں امریکی فوجی یا فائرفائٹرز تو شامل نہیں تاہم روس کو امدادی سامان مہیا کیا گیا ہے۔ امدادی سامان میں واٹر ٹینک، پمپس، ہاتھوں سے استعمال ہونے والے چھوٹے آوزار، آگ سے تحفظ کے لباس اور طبی سامان شامل ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امداد روس کی جانب سے آگ بجھانے کے سلسلے میں تکنیکی معاونت کے لئے امریکہ سےکی جانے والی درخواست کے بعد بھیجی گئی ہے۔
’’امریکی عوام اس مشکل گھڑی میں روس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔‘‘
وائٹ ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ روسی جنگلات میں لگنے والے آگ کی روک تھام کے لئے تمام ممکنہ امداد بھیجنے پر تیار ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں سے ماسکو کے نواحی علاقوں سمیت روس کے متعدد جنگلات میں لگنے والے آگ کے سبب روسی صدر پہلے ہی ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر چکے ہیں۔ اس آگ کے نتیجے میں روس کو تقریبا 15 بلین ڈالر سے زائد نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے اور روسی شہریوں کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔ ماسکو کے نواحی علاقوں میں فضائی آلودگی کی وجہ سے عام شہری ماسک پہننے پر مجبور ہیں جبکہ انہیں سانس لینے میں بھی تکلیف کا سامنا ہے۔ روسی محکمہ موسمیات کے مطابق آگ سے متاثرہ علاقوں میں کاربن مانو آکسائیڈ کی مقدار اس کی قابل برداشت سطح سے چار گنا زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : عصمت جبیں