روسی صدر پوٹن کا متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کا دورہ
6 دسمبر 2023پوٹن کا یہ دورہ ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب تیل برآمد کرنے والے ممالک اور روس کی سربراہی میں اتحادیوں کی تنظیم اوپیک پلس کی جانب سے پیداوار میں مزید کمی کے فیصلے کے باوجود خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔
’سعودی، روس گٹھ جوڑ تیل کی قیمتوں میں عدم استحکام کا باعث‘
سعودی عرب کا تیل کی پیداوار کم کر دینے کا فیصلہ
صدر پوٹن نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی، جو پوٹن کو اپنا 'عزیز دوست‘ قرار دیتے ہیں۔ صدر پوٹن نے ابوظہبی کے صدارتی محل میں ایم بی زیڈ کے نام سے مشہور شیخ محمد سے کہا، ''آپ کی پوزیشن کی وجہ سے ہمارے تعلقات غیر معمولی حد تک بلند سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات عرب دنیا میں روس کا اہم تجارتی شراکت دار ہے۔‘‘
ابوظہبی سے پوٹنسعودی عرب جائیں گے جہاں وہ ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اکتوبر 2019ء کے بعد سے یہ پہلی براہ راست ملاقات ہو گی۔
کریملن نے کہا ہے کہ اس دورے کے دوران دونوں رہنما اوپیک پلس کا حصہ ہونے کے سبب توانائی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت کریں گے۔ اوپیک پلس کے رکن ممالک دنیا کا 40 فیصد سے زیادہ تیل پیدا کرتے ہیں۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران تیل کی پیداوار کےعلاوہ اسرائیل اور حماس کے عسکریت پسندوں کے درمیان جنگ، شام اور یمن کی صورتحال اور خلیج فارس میں استحکام کو یقینی بنانے جیسے وسیع تر معاملات کے علاوہ یوکرینی تنازعے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
روسی صدر نے اس سے قبل اس خطے کا آخری دورہ جولائی 2022 میں کیا تھا، جب انہوں نے ایران میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کی تھی۔
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف کے مطابق ولادیمیر پوٹن کل جمعرات سات دسمبر کو ماسکو میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی میزبانی بھی کریں گے۔
ا ب ا/م م (روئٹرز، ڈی پی اے)