روسی صدر کی انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن کی اعزازی صدارت معطل
27 فروری 2022فرانسیسی دارالحکومت پیرس سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن (آئی جے ایف) نے آج اتوار ستائیس فروری کے روز اعلان کیا کہ دنیا بھر میں جوڈو کے کھیل کے منتظم ادارے نے یوکرائن کی جنگ کی وجہ سے اس تنظیم میں روسی صدر پوٹن کی اعزازی صدارت معطل کر دی ہے۔ یوں ولادیمیر پوٹن اب اس عالمی تنظیم کے سفیر بھی نہیں رہے۔
ولادیمیر پوٹن: سابقہ سوویت یونین کے زوال کے بعد کا زار
آئی جے ایف نے اپنے ایک بیان میں کہا، ''یوکرائن کے تنازعے اور وہاں جاری جنگ کی روشنی میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی اعزازی صدارت اور سفیر کے طور پر حیثیت دونوں معطل کر دی گئی ہیں۔‘‘
پوٹن بچپن ہی سے جوڈو کے شوقین
روسی صدر پوٹن بچپن ہی سے جوڈو کے شوقین رہے ہیں اور وہ نہ صرف اس کھیل میں آٹھویں ڈان تک کی مہارت کے حامل ہیں بلکہ ابھی تک باقاعدگی سے جوڈو کی مشق بھی کرتے ہیں۔
انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن کے موجودہ صدر ماریوس وائزر صدر پوٹن کے ذاتی دوست سمجھے جاتے ہیں۔ اس عالمی تنظیم نے روسی صدر کے سیاسی اثر و رسوخ اور اس کھیل سے ان کی محبت کی وجہ سے ہی 2014ء میں جوڈو کی عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی روس کو دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
اب لیکن اسی تنظیم نے ولادیمیر پوٹن کی اعزازی صدارت معطل کر دی ہے۔
یورپی جوڈو یونین (ای جے یو) نے، جس کے صدر روس سے تعلق رکھنے والے سیرگئی سولووائچک ہیں، پوٹن کی اعزازی صدارت معطل کرنے کے جوڈو کی عالمی تنظیم کے فیصلے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
م م / ع ت (اے ایف پی، ایس آئی ڈی)