1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے، بدعنوان نہیں ہوں، نجیب رزاق

عدنان اسحاق3 جولائی 2015

ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق نے بدعنوانی میں ملوث ہونے کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کے بقول یہ نئے الزامات ان کے خلاف کی جانے والی سازشوں کا ایک حصہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/1FsKY
تصویر: Gatty Images

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق کے ذاتی اکاؤنٹ میں تقریباً سات سو ملین ڈالر مختلف بینکوں، سرکاری اداروں اور اُن کمپنیوں کی جانب سے منتقل کیے گئے ہیں، جن کا تعلق ملائشین ڈیویلمپنٹ بیرہاڈ ’1MDB‘ سے ہے۔ 1MDB نامی ادارہ ملائیشیا میں اقتصادی ترقی کے حوالے سے طویل المدتی منصوبوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

ملائیشیا کے وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، ’’کچھ حلقوں کی جانب سے ملکی اقتصادیات، حکومت اور جمہوری طور پر منتخب وزیراعظم کے خلاف مسلسل سازشیں کی جا رہی ہیں۔‘‘ فیس بک پر جاری کیے جانے والے اس بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ تازہ الزامات، جن میں نامعلوم تفتیش کاروں کا ذکر کیا گیا ہے، وزیراعظم کو اور اُن کی سیاسی ساکھ کو نشانہ بنانے کی کوشش ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ میں جن دستاویزات کا حوالہ دیا گیا ہے انہیں اس وقت تک مستند تصور نہیں کیا جا سکتا، جب تک حکام ان کی تصدیق نہیں کر دیتے۔

1 MDB Fond 1Malaysia Development Berhad
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Paul

دوسری جانب 1MDB کے بیان میں واضح طور پر کہا ہے کہ انہوں نے کبھی کوئی فنڈ وزیراعظم کو نہیں دیا ہے: ’’اس سے قبل بھی ذرائع ابلاغ کے کچھ ادارے ایسی غیر ذمہ دارنہ رپورٹیں شائع کر چکے ہیں اور یہ انتہائی غیر پیشہ ورانہ طرز عمل ہے اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔‘‘

اگر وال اسٹریٹ کی اس رپورٹ میں صداقت ہے تو یہ شدید دباؤ کے شکار نجیب رزاق پر بدعنوانی کا پہلا براہ راست الزام ہو گا۔ ملکی حزب اختلاف نجیب رزاق کو ایک بد انتظام رہنما وزیراعظم قرار دیتی ہے جبکہ ان کی اپنی جماعت میں بھی ان کے حوالے سے مخالفت پائی جاتی ہے۔

نجیب رزاق دوسری مدت کے لیے وزیر اعظم بنے ہیں۔ ان پر اقتصادی شعبے میں بدانتظامی اور نو برس قبل منگولیا سے تعلق رکھنے والی ایک ماڈل کے قتل کے اسکینڈل کی وجہ سے شدید دباؤ ہے۔