رہائش اختیار کرنے کے اعتبار سے جرمنی کے پانچ بہترین شہر
جرمنی کے سرکاری نشریاتی ادارے زیڈ ڈی ایف نے ملازمت کے مواقع، فرصت کے اوقات گزارنے اور قدرت سے قریب تر ہونے، صحت اور سکیورٹی کے اعتبار سے جرمنی کے پانچ بہترین شہروں کا انتخاب کیا ہے۔
میونخ
جرمن ریاست باویریا کا دارالحکومت میونخ اپنے وسیع ترین انگلش گارڈن پارک، عجائب گھروں، اکتوبر فیسٹ جیسی ثفافتی تقریبات اور پہاڑوں کے قریب ہونے کے باعث اس فہرست میں پہلی پوزیشن پر ہے۔ اس شہر میں سورج کی روشنی کا دورانیہ بھی سب سے زیادہ ہے اور خواتین کے لیے بھی اسے بہترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ میونخ میں غربت بہت کم ہے اور جرائم کی شرح بھی انتہائی کم ہے۔
ہائیڈل برگ
جرمنی کے صوبے باڈن ورٹمبرگ کا شہر ہائیڈل برگ وہاں موجود قلعے کی باقیات، نیکر دریا اور قرون وسطیٰ کے زمانے میں تعمیر کیے جانے والے شہر کے وسطی حصے کے باعث جانا جاتا ہے۔ ہائیڈل برگ میں جرمنی کی سب سے پرانی یونیورسٹی بھی قائم ہے جس کا قیام 1386 میں رکھا گیا تھا۔ یہاں کے شہریوں کو دیگر شہروں کے رہائشیوں کی نسبت فرصت کا زیادہ وقت میسر ہے۔ ہائیڈل برگ میںبہت حسین قدرتی مناظر بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔
سٹارنبرگ
فی کس آمدنی کے لحاظ سے سٹارنبرگ جرمنی کا سب سے امیر شہر ہے۔ قوت خرید اور مردوں کے لیے زندگی گزارنے کے مواقع کے لحاظ سے یہ شہر اول پوزیشن پر آتا ہے۔ گزشتہ وفاقی انتخابات میں اس شہر میں سب سے زیادہ افراد نے انتخابی عمل میں حصہ لیا تھا۔
پوسٹ ڈام
برلن سے کچھ ہی فاصلے پر واقع شہر پوسٹ ڈام پارکوں اور محلات کا شہر کہلاتا ہے۔ یہ شہر کئی نسلوں سے پروسیا بادشاہوں کا گھر رہا ہے۔ پوسٹ ڈام میں کئی لائبریریاں ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں کافی زیادہ ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیاں دیکھی جاسکتی ہیں۔
گارمیشن۔پارٹن کِرشن
ابتدائی طور پر یہ ایک رومن شہر تھا۔ یہ شہر جرمنی کی سب سے بلند چوٹی سوگ شپٹزے اور آسٹریا کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ اس شہر کو صحت اور سکیورٹی کے اعتبار سے اول نمبر پر سمجھا جاتا ہے۔ سیاح اس شہر میں اسکیئنگ اور کوہ پیمائی کے لیے آتے ہیں۔