1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریمنڈ ڈیوس کیس: مقتول کی بیوہ نے خودکشی کر لی

7 فروری 2011

امریکی شہری کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے فہیم کی بیوہ نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسے اپنے شوہر کے قتل کے ملزم ریمنڈ ڈیوس کو رہا کر دیے جانے کا خدشہ تھا۔

https://p.dw.com/p/10Bo9
تصویر: picture alliance/dpa

مقامی پولیس کے سربراہ عثمان انور نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ مقتول فہیم کی بیوہ شمائلہ کنول نے چوہے مار گولیاں کھا لی تھیں، جس کے فوری بعد انہیں فیصل آباد کے ایک مقامی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی زندگی بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے۔

دوسری جانب فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال کے ڈاکٹر یاسین ہاشمی نے بھی شمائلہ کنول کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ مقامی پولیس آفیسر رانا عاطف کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد میت کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

Pakistan US Bürger verurteilt
امریکی شہری پولیس کی تحویل میں ہیں اور گیارہ فروری کو انہیں دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گاتصویر: AP

قبل ازیں ہسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مقتول فہیم کی بیوہ نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے شوہر کے قاتل کو رہا کر دیا جائے گا، جس سے وہ دلبرداشتہ ہو گئی ہیں۔ دنیا ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ’ہمیں خون کے بدلے خون چاہیے۔‘

ہسپتال میں شمائلہ کنول نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ انہیں انصاف ملے اور ان کے شوہر کے قتل میں ملوث امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کو سزا دی جائے۔

مقتول فہیم کے بھائی محمد وسیم کا کہنا ہے کہ 18 سالہ شمائلہ اپنے شوہر کے ہلاک ہونے کے بعد شدید پریشانی کا شکار تھیں۔ ہفتہ کو لاہور سے فیصل آباد اپنے والدین کے گھر پہنچنے والی شمائلہ کی شادی چھ مہینے پہلے ہوئی تھی۔

ریمنڈ ڈیوس کی فائرنگ کے بعد پاکستانی عوام میں امریکہ کے خلاف غم وغصے میں مزید اضافہ ہوا ہے جبکہ شمائلہ کنول کی خود کشی کے بعد امریکہ مخالف عوامی جذبات کو مزید ہوا ملی ہے۔ واشنگٹن حکومت کا کہنا ہے کہ ڈیوس امریکی قونصلیٹ میں ٹیکنیکل اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتا ہے لیکن امریکی ٹیلی وژن اے بی سی کے مطابق ڈیوس ایک نجی سکیورٹی کمپنی کا اہلکار ہے اور امریکی اسپیشل فورسز کے ساتھ کام بھی کر چکا ہے۔

دہرے قتل کے الزام میں امریکی شہری مقامی عدالت کے حکم پر تحقیقات کے لیے پولیس کی تحویل میں ہیں اور گیارہ فروری کو انہیں دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے ملازم، جسے پاکستانی پولیس نے ریمنڈ ڈیوس کے نام سے شناخت کیا ہے، کو 27 جنوری کو محمد فہیم اور فیضان حیدر کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ ریمنڈ ڈیوس کا کہنا ہے کہ انہوں نے فائرنگ اپنے دفاع میں کی تھی اور یہ دونوں افراد ان کو لوٹنا چاہتے تھے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں