ریو اولمپک کا شاندار طریقے سے آغاز
جمعے کی رات برازیل کے شہر ریو ڈی جینرو میں اولمپک مقابلوں کی افتتاحی تقریب کا پرتعیش انداز میں انعقاد کیا گیا۔
ثقافتی رنگ
جمعے کی شب ریو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی، جس میں میزبان ملک کی تاریخ، ثقافت اور قدرتی حسن کو اجاگر کیا گیا۔
شاندار آتشبازی
اقتصادی مسائل اور سیاسی بحران کے باوجود برازیل میں اولپمک مقابلوں کی افتتاحی تقریب انتہائی شاندار رہی۔ آتشبازی سے ریو شہر ہی منور ہو گیا۔
خوبصورت اور دلفریب مناظر
افتتاحی تقریب ریو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کو دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم تماش بینوں سے بھرا ہوا تھا جبکہ ساتھ ہی اسے ٹیلی وژن پر براہ راست نشر کیا گیا۔
برازیل کا قدرتی حسن
اس افتتاحی تقریب میں برازیل کی ایک ایسی خاص شناخت کو بھی اجاگر کیا گیا، جس میں اس جنوبی امریکی ملک کا قدرتی حسن نمایاں تھا۔
خصوصی پرفارمنس
معروف سپر ماڈل زی زل بونشن Gisele Bündchen کی آمد پر اسٹیڈیم میں موجود افراد نے انہیں دل کھول کر داد دی۔ بعدازاں وہ تقافتی کارنیول ڈانس میں تھرکتی بھی دکھائی دیں۔
خوابیدہ ماحول
ریو اولمپک کی افتتاحی تقریب میں ماراکانا اسٹیڈیم ایک خوابیدہ ماحول پیش کرتا رہا۔ اس دوران رقص اورموسیقی کے علاوہ اسٹیج پر برازیل کے روایتی لباسوں میں ملبوس مرد و خواتین دلفریب پرفارمنس پیش کرتے رہے۔
شمع روشن
اس مرتبہ ریو میں اولمپک کی شمع سولہ دن تک روشن رہے گی۔ اس دوران دو سو چھ ممالک سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ اور کھلاڑی مجموعی طور پر اٹھائیس کھیلوں کی مختلف کیٹیگریز میں تمغوں کے حصول کے لیے بے قرار رہیں گے۔
سکیورٹی ہائی الرٹ
اس مرتبہ اولمپک مقابلوں کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے گی۔ برازیل کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پہلے سے ہی مکمل طور پر تیار ہے۔
ایتھلیٹس اور کھلاڑی خوش
سولہ دن تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں دو سو سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے دس ہزار سے زائد ایتھلیٹس اور کھلاڑی شرکت کریں گے۔
برازیل کا دستہ
مہمان ملک برازیل کا دستہ جب افتتاحی تقریب میں مارچ کرنے اسٹیڈیم میں پہنچا تو شائقین نے دل کھول کر انہیں داد دی۔