زمينی حالات پر رپورٹنگ، کشميری صحافی کے ليے کيٹ ويب پرائز
20 فروری 2020کشمير سے تعلق رکھنے والے فری لانس صحافی احمر خان کو صحافتی شعبے کے کيٹ ويب پرائز کا حقدار قرار ديا گيا ہے۔ فرانسيسی خبر رساں ادارے اے ايف پی کے اس سالانہ پرائز کا اعلان جمعرات کو کيا گيا۔ احمر خان کو بھارت کے زير انتظام کشمير ميں مواصلاتی بندشوں کے دوران رپورٹنگ کے فرائض سر انجام دينے پر اس اعزاز سے نوازا گيا۔
پچھلے سال اگست ميں نئی دہلی حکومت نے بھارت کے زير انتظام کشمير کی خصوصی آئينی حيثيت ختم کرتے ہوئے اس خطے ميں مواصلاتی نظام پر بندشيں لگا دی تھيں۔ انٹرنيٹ کی عدم دستيابی کے باوجود احمر خان نے کئی ويڈيو اور تحريری رپورٹيں ترتيب ديں، جن کی مدد سے کشمير کے زمينی حالات کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی پھيلی۔ کرفيو اور سکيورٹی دستوں کی بھاری نفری کی تعيناتی کے باوجود احمر خان اپنا کيمرہ اٹھائے سڑکوں پر کام کرتے دکھائی ديے۔ کئی مرتبہ اپنی رپورٹيں جمع کرانے کے ليے انہوں نے نئی دہلی کا رخ بھی کيا، جہاں سے وہ اپنا مواد نشرياتی اداروں کو بھيجتے رہے۔
کيٹ ويب پرائز فرانسيسی نيوز ايجنسی اے ايف پی کے اعلٰی ترين نمائندے کے نام سے منسوب ہے۔ يہ اعزاز اے ايف پی کے ايشيا ميں مشکل حالات ميں کام کرنے والے صحافيوں کو ديا جاتا ہے۔ ستائيس سالہ خان کو اس سال ہانگ کانگ ميں منعقد ہونے والی ايک تقريب ميں ايوارڈ ديا جائے گا۔ کشميری صحافی کو تين ہزار يورو بھی ديے جائيں گے۔ پچھلے سال يہ ايوارڈ پاکستانی صحافی اسد ہاشمی کو ديا گيا تھا۔ انہوں نے پاکستان ميں پشتونوں اور توہين مذہب کے قانون سے متاثرہ افراد پر رپورٹنگ کی تھی۔
ہانگ کانگ ميں اے ايف پی کے علاقائی ڈائريکٹر فيليپے ميسونيٹ نے اس بارے ميں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کشمير پر رپورٹنگ تمام صحافيوں بالخصوص غير ملکی صحافيوں کے ليے کافی مشکل ثابت ہوئی ہے۔ احمر خان نے کيٹ ويب پرائز جيتنے پر کہا کہ يہ ان کے ليے کافی اعزاز کی بات ہے۔ ان کے بقول يہ پيش رفت انہيں اور بھی زيادہ دل لگا کر کام کرنے کی ہمت دے گی۔ خان نے کيٹ ويب پرائز کشمير کے خطے ميں سرگرم ان تمام صحافيوں کے نام کيا، جو پچھلے چھ ماہ سے کافی کٹھن حالات ميں کام جاری رکھے ہوئے ہيں۔
ع س / ع س، نيوز ايجنسياں