1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زندہ دلوں کے شہر لاہور میں رونالڈینیو کا شاندار کھیل

عاصمہ کنڈی
9 جولائی 2017

عالمی شہرت کے حامل فٹبالر رونالڈینیو کی ٹیم نے زندہ دلوں کے شہر لاہور میں دوسرا نمائشی فٹبال میچ 0 - 2 سے جیت کر دو میچوں پر مشتمل تفریحی سیریز جیت لی ہے۔

https://p.dw.com/p/2gEXR
Pakistan Fußball Ankunft Spitzensportler
تصویر: DW/T. Saeed

لاہور چھاؤنی میں واقع فورٹریس اسٹیڈیم میں اتوار کو برازیل کے لیجنڈری فٹبالر رونالڈینیو اور برطانیہ کے رائن گگز کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے سیون اے سائیڈ نمائشی میچ کو دیکھنے کے لئے دس ہزار پرجوش تماشائی موجود تھے۔ انگلینڈ کے سابق گول کیپر ڈیوڈ جیمز، پرتگال کے لوئس بومارٹے، فرانس کے نکلس اینکلا اور رابرٹ پائرس نے بھی پاکستانی نوجوان فٹبالرز کے ہمراہ میچ میں حصہ لیا۔

دو مرتبہ فیفا پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرنے والے برازیل اور بارسلونا کے شہرہ آفاق فارورڈ سٹرائیکر رونالڈینیو نے اپنے شاندار کھیل سے زندہ دلان لاہور کے دل جیت لیے۔ میچ کا دوسرا گول رونالڈینیو کے ہی شاندار پاس پر حسن بشیر نے تیسرے کوارٹر فائنل میں کیا۔ اس سے پہلے ریاض نے فاتح ٹیم کو گول کر کے برتری دلائی تھی۔

Pakistan Fußball Ankunft Spitzensportler
تصویر: DW/T. Saeed

فورٹریس اسٹیڈیم میں برقی قمقموں کی سہولت نہ ہونے کی وجہ یہ میچ دن ڈھلے کھیلا گیا جسے دیکھنے والوں میں حال ہی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اظہر علی اور حسن علی بھی شامل تھے۔

میچ کے موقع پر حفاظتی انتظامات کی ذمہ داری پاک فوج نے اپنے سر لے رکھی تھی اور شائقین کو سخت تلاشی کے بعد ایرینا میں داخلے کی اجازت ملی۔ کھیل کی سیٹی بجنے سے بہت پہلے دوپہر دو بجے فورٹریس اسٹیڈیم کے دروازے فٹبال پرستاروں کے لئے کھول دیے گئے تھے تاہم اسٹیڈیم آنے جانے والے راستے عام ٹریفک کے لئے دوپہر کے بعد بند کر دیے گئے تھے۔

میچ دیکھنے والوں کی اکثریت لاہور شہر کے خوشحال گھرانوں کے نوجوانوں کی تھی، جو فٹبال سے بے پناہ لگاؤ رکھتے ہیں۔ ان مقابلوں کا انعقاد ایک نجی گروپ نے کیا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے علاوہ ملک پر کھیلوں کے دروازے کھولنا ہے، جو سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر 2009ء کے حملے کے بعد سے بند ہیں۔

Pakistan Fußball Ankunft Spitzensportler
تصویر: DW/T. Saeed

غیر ملکی کھلاڑیوں کے گروپ کو رونالڈینیو اینڈ فرینڈز کا نام دیا گیا ہے۔ مقامی ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کی غفلت کے باعث میچ کی کوریج کے لئے اسٹیڈیم آنے والے صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پریس باکس کی عدم موجودگی میں اسپورٹس رپورٹرز کو گراونڈ پر فوٹو گرافرز ایریا میں ہی بمشکل جگہ ملی۔ میچ کے دوران گاہے گاہے وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف گو نواز گو کے نعرے بھی سننے کو ملتے رہے۔

اس سے قبل پاکستان آئے ہوئے آٹھ مشہور فٹبالرز نے اتوار کی دوپہر بذریعہ چارٹرڈ طیارے کراچی سے لاہور پہنچنے پر مقامی ہوٹل میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ رونالڈینیو کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آکر بہت خوش ہیں۔

رائن گگز نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پاکستانی بہت اچھے میزبان ہیں۔ اس سے پہلے وہ پاکستان کو صرف ایک کرکٹ کھیلنے والے ملک کی حیثیت سے جانتے تھے لیکن اب یہاں فٹبال کے فروغ کی کوشش اچھا اقدام ہے۔ رونالڈینیو کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ کھیلنے والے پاکستانی فٹبالر باصلاحیت ہیں اور اگر انہیں اچھی کوچنگ اور سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ کھیل میں اپنا نام پیدا کر سکتے ہیں۔

Asma Kundi
عاصمہ کنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی عاصمہ کنڈی نے ابلاغیات کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔