سارا پیلین جلد ہی ٹی وی اسکرین پر
12 جنوری 2010سارا پیلین نے فوکس نیوز کے ساتھ کئی برس طویل ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ فوکس نیوز کے ایگزیکیٹیو وائس پریزیڈنٹ بل شائن نے اس معاہدے کی تصدیق کی ہے۔ سارا پیلین نے جولائی 2009ء میں امریکی ریاست الاسکا کی گورنر شپ سے دستبرداری اختیار کی تھی۔ فوکس نیوز کے مطابق گو کہ پیلین چینل کے کسی پروگرام میں میزبان نہیں ہوں گی تاہم اس معاہدے کے مطابق وہ باقاعدہ اس چینل پر اگلے کئی برسوں تک نظر آتی رہیں گی۔ اس معاہدےکی رقم کے حوالے سے معلومات عام نہیں کی گئی ہیں۔
سارا پیلین نے فوکس نیوز کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ اس چینل کی باصلاحیت انتظامیہ اور ٹیم کا حصہ بننے کے لئے بیتاب ہیں۔
’’میرے لئے یہ زبردست احساس ہے کہ میں ایک متوزن اور شفاف اقدار کے حامل ادارے کا حصہ بننے جا رہی ہوں۔‘‘
سارا پیلین کی شہرت میں زبردست اضافہ اس وقت ہوا تھا جب سن 2008ء میں امریکی صدارتی انتخابات کے لئے ریپبلکن امیدوار جان میکین نے انہیں غیر متوقع طور پر نائب صدر کے عہدے کے لئے نامزد کیا تھا۔
امریکی ریاست الاسکا کے گورنر کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد سے ان چہ مگوئیوں کا سلسلہ جاری تھا کہ وہ کسی ٹیلی ویژن چینل پر اپنے کریئر کو آگے بڑھانے کا سوچ رہی ہیں۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سارا پیلین فوکس نیوز کے مختلف پروگرامز میں بطور مبصر شامل ہونے کے ساتھ ساتھ کبھی کبھار ایک پروگرام کو بھی ہوسٹ کیا کریں گی، جس کا نام ہو گا ’’انسپریشنل ٹیلز انوالونگ اوڈینری امیریکنز‘‘ یعنی متاثر کن کہانیوں کا عام امریکیوں پر اثر۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب سارا پیلین نے کسی ٹی وی چینل کے ساتھ کوئی ایسا معاہدہ کیا ہو۔ اس سے قبل وہ الاسکا کے KTUU نامی ٹی چینل کے لئے جز وقتی خدمات سرانجام دیتی رہی ہیں۔ وہ اس چینل پر کھیلوں کے ایک پروگرام کی میزبانی کیا کرتی تھیں۔
مبصرین کا خیال ہے کہ ایک اہم ٹی وی چینل پر باقاعدگی سے سامنے آنے کے باعث ایک طرف تو ٹی چینل کی ریٹنگ میں اضافہ ہوگا جب کہ دوسری جانب قدامت پسندوں میں سارا پیلین کی مقبولیت بھی مزید بڑھے گی۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : عدنان اسحاق