سال 2018 تصاویر میں
جرمنی میں سوکھتے دریاؤں اور انتہائی دباؤ میں ٹیریزا مے کی مسکراہٹ کے علاوہ امریکا میں نیونازیوں کے آتش بردار مجمعے، رواں برس کی آنکھوں میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گئے۔
خاکستر کچی بستی
ٹھوماس موکویا نے یہ تصویر رواں برس 28 جنوری کو لی۔ اس کچی بستی میں آگ لگ گئی اور آگ بجھانے والا عملہ وہاں آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہا تھا کہ ان کی گاڑیوں میں پانی ختم ہو گیا۔ یہ پوری بستی اس دوران جل کر خاکستر ہو گئی اور چھ ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔
پورن اسٹار لائم لائٹ میں
امریکی پورسٹ اسٹار سٹیفنی کلِفورڈ جنہیں سٹورمی ڈینیل کے نام سے جانا جاتا ہے، نیویارک کی ایک عدالت پہنچ گئیں اور وہاں بتایا کہ ان کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جنسی تعلق تھا اور ٹرمپ کے وکیل مائیکل کوہن نے انہیں یہ راز افشاء نہ کرنے کے لیے ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر ادا کیے تھے۔ بعد میں انہوں نے یہ بات عوامی سطح پر بھی کہی۔
امریکا کے جنوب میں نیونازی
امریکی ریاست جارجیا میں کسی مقام پر نیشنل سوشلسٹ موومنٹ (MSM) کے ارکان نازی علامات کے ساتھ دکھائی دیے۔ یہ تصویر کو ناکامورا نے لی، جنہیں اس تقریب میں شمولیت کی اجازت دی گئی تھی۔ امریکی میں شہری آزادیوں کے لیے سرگرم افراد کو خدشات ہیں کہ سفید فام برتری کے نعرے کے ساتھ انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے افراد امریکا میں پھیلتے جا رہے ہیں۔
دو رہنما ایک سرحد
جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن اور شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن نے دونوں ملکوں کی سرحد پر ہاتھ ملایا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اشتعال انگیزی کے اقدامات کے خاتمے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ رواں برس ان دونوں رہنماؤں کے درمیان تین بار ملاقات ہوئی اور ماضی میں شدید کشیدگی کے شکار کوریائی خطے میں حالات قدرے بہتر ہوئے۔
خودکش دھماکے کے مناظر
یہ تصویر روئٹرز کے فوٹوگرافرعمر سبحانی نے کابل میں اس وقت لی تھی، جب ایک خودکش بمبار نے لوگوں کے ایک ہجوم کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔ اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں آٹھ دیگر صحافی بھی شامل تھے، جب کہ سبحانی بھی اس حملے میں زخمی ہو گئے تھے۔ یہ صحافی اس خودکش حملے سے فقط نصف گھنٹہ قبل ہونے والے ایک اور دہشت گرادنہ حملے کی رپورٹنگ کے لیے جمع ہوئے تھے۔
عالمی چیمپیئن
فرانس کی قومی ٹیم اپنی مینیجر ڈیڈر ڈیشمس کے ساتھ سن 2018ء کی عالمی کپ فٹ بال جیتنے کے بعد جشن منا رہے ہیں۔ فرانسیسی ٹیم نے ورلڈ کپ کے فائنل میں کروشیا کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ سن 2014ء کے عالمی کپ کی فاتح جرمن ٹیم اس ورلڈ کپ میں گروپ مرحلے ہی میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی۔
جرمنی خشک ہو گیا
رواں برس جرمنی کے لیے ریکارڈ خشک سالی رہی، جہاں دریاؤں میں پانی کی قلت اور جھیلوں کے خشک ہونے جانے کے باعث کسان پریشان رہے۔ دریائے رائن کی یہ تصویر ڈوسلڈوف کے قریب کی ہے، جس میں پانی کی قلت کی وجہ سے شپنگ ٹریفک جزوی طور پر معطل رہی۔
برقع پر پابندی توڑنے پر بغل گیر
یکم اگست کو ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں برقع پہن کر برقع پر پابندی کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کرتی اس خاتون کو قانون توڑنے پر گرفتار کرنے کی بجائے پولیس افسر بغل گیر ہو گئے۔ اس تصویر پر ڈنمارک کے عوام کی جانب سے ملا جلا ردعمل آیا۔ بعض نے اس پولیس افسر کی تعریف کی اور بعض نے کہا کہ اسے برطرف کر دیا جائے۔
دباؤ میں مسکراہٹ
سالسبرگ میں یورپی یونین کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ٹیریزا مے پریشانی کا سامنا کرتی نظر آتی ہیں۔ ایسا اس لیے نہیں کہ وہ اتنے سارے مردوں میں تنہا ہیں بلکہ اس کی وجہ بریگزٹ ہے، جس میں مے برطانیہ کی قیادت کر رہی ہیں۔ مے کو ایک طرف تو متحد یورپی بلاک کا سامنا ہے تو دوسری جانب انہیں شدید داخلی تنقید بھی برداشت کرنا پڑ رہی ہے۔
سونامی کے بعد
کپڑوں کی ٹوکری اور یہ سونامی میں بچ جانے والا کپڑے کا خرگوش، اس خاتون کا باقی مانندہ اثاثہ ہیں۔ ستمبر میں سونامی کی لہروں نے انڈونیشیا کے سولاویسی جزیرے پر تباہی مچا دی۔ اس قدرتی آفت نے ہزارہا لوگوں کو متاثر کیا۔