1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سالانہ شرح پیداوار کا معاملہ جون سمٹ کے ایجنڈے پر ہے، میرکل

28 اپریل 2012

جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے ایک تازہ انٹرویو میں کہا ہے کہ جون میں ہونے والے یورپی یونین کے سربراہ اجلاس کے ایجنڈے پر یونین کے رکن ملکوں کی سالانہ شرح پیداوار سے جڑے معاملات شامل کیے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/14mKg
انگیلا میرکلتصویر: dapd

جرمنی کے روزنامہ لائپزیگر فولکس سائٹُنگ (Leipziger Volkszeitung) کو انٹرویو دیتے ہوئے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا کہنا تھا کہ جون میں ہونے والی یورپی یونین کی سمٹ میں طے شدہ بجٹ پر ہونے والے سمجھوتے پر کوئی بات نہیں کی جائے گی۔ میرکل کے مطابق سربراہ اجلاس کے ایجنڈے پر کئی موضوعات ہیں لیکن ان میں ایک خاصی اہمیت کا حامل ہے اور یہ رکن ملکوں کی سالانہ شرح پیداوار سے منسلک ہے۔ جرمن چانسلر نے فعال یورپی سرمایہ کاری بینک کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Bundeskanzlerin Angela Merkel beim Jugendintegrationsgipfel 16.04.2012
میرکل یورو زون میں بچتی پلان کی حامی ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

میرکل سے پوچھا گیا کہ کیا سالانہ شرح افزائش کے تناظر میں حکومتوں کو خاص احتیاطی اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا تو انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ گزشتہ سال سے یورپی یونین کی نشستوں میں اٹھایا جاتا رہا ہے۔ میرکل کے مطابق کئی سربراہی اجلاسوں میں اس معاملے پر مثبت گفتگو کی جا چکی ہے۔ میرکل کا یہ خاص طور پر کہنا تھا کہ سالانہ شرح نمو کی مناسبت سے ایجنڈے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

فرانس کے صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے سوشلسٹ پارٹی کے امیدوار فرانسوا اولانڈ نے اپنی انتخابی مہم میں کہا تھا کہ وہ یونین کے بجٹ معاہدے پر از سرنو بات چیت شروع کریں گے۔ جرمن چانسلر نے ان امکانات کو مسترد کر دیا کہ مستقبل میں پہلے سے طے پانے والے بجٹ معاہدے کے مختلف نکات پر دوبارہ گفتگو کی جائے گی۔ میرکل نے واضح طور پر کہا کہ بجٹ ڈیل پر پچیس رکن ملکوں کے سربراہوں کے دستخط موجود ہیں اور اس پر قطعاً نئے مذاکراتی عمل کی ضرورت نہیں ہے۔ جرمن چانسلر کے مطابق بجٹ معاہدے کو پرتگال اور یونان کی جانب سے توثیق حاصل ہو چکی ہے اور آئر لینڈ میں منظوری کے لیے مئی میں ریفرنڈم ہوگا۔

Integrationskonferenz 2012 Minister Merkel
جرمنی یورو زون کی اقتصادیات کو بہتر خطوط پر استور دیکھنا چاہتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

یورپی یونین میں سالانہ شرح نمو کی مناسبت سے یورپی مرکزی بینک کے سربراہ ماریو دراگی کا یہ بیان پہلے ہی ہلچل پیدا کر چکا ہے کہ یورو زون ملکوں کے سالانہ شرح ترقی کے اعداد و شمار کو مالیاتی اعدادوشمار کے ساتھ پرکھا جا سکتا ہے۔ اس باعث یورو زون کے کئی ملک بجٹ خسارے کو کنٹرول کرنے کے لیے منتخب حکومتوں کے تجویز کردہ سخت اقدامات کی شدت کے باعث بڑھتی مشکلات میں اضافے کو محسوس کرنے لگے ہیں۔

اس دوران، اٹلی کے وزیر اعظم ماریو مونٹی اور یورپی کمیشن کے صدر باروسو نے اسی جمعے کے روز حکومتوں کو خبردار کیا کہ سالانہ شرح نمو کو جن احتیاطی اقدامات کا سامنا ہو سکتا ہے، اس باعث حکومتوں پر قرضے کے بوجھ میں اضافے کا قوی امکان ہے۔ مونٹی اور باروسو نے اس پر اتفاق کیا ہے کہ اقتصادی معاملات میں مسابقتی عمل کو بہتر کرنے سے ہی سالانہ شرح افزائش کو مناسب خطوط پر بحال کیا جا سکتا ہے۔

ah/ng (AFP)