1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سانڈرا بُلاک کی خوشیاں ماند

1 اپریل 2010

سانڈرا بُلاک برسوں کی محنت کے بعد حال ہی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ بنی ہیں۔ تاہم ان کی یہ خوشی زیادہ دیر نہیں چل سکی۔ ان کے شوہر جیسی جیمزکے خلاف اسکینڈلز منظر عام پر آنے کے بعد وہ دونوں ایک ساتھ نہیں رہ رہے۔

https://p.dw.com/p/Mjda
تصویر: AP

جیمز اپنی ذاتی زندگی کو سدھارنے کی کوششوں میں لگے ہیں۔ وہ ان دنوں ایک ایسے مرکز صحت میں دن گزار رہے ہیں، جہاں منشیات، شراب نوشی اور بے پناہ جنسی خواہش سے چھٹکار دلانے کے لئے نفسیاتی مدد دی جاتی ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جیسی جیمز ریاست ایری زونا کے سائیرا ٹکسون کلینک میں قیام پذیر ہیں۔ ان کے ایک ترجمان نے ’پیپل میگزین‘ کو بتایا کہ وہ ’ذاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے ‘ پیشہ ورانہ مدد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے ذاتی مسائل کی نوعیت نہیں بتائی۔

ترجمان نے کہا، ’انہیں اس بات کا احساس ہو گیا ہے کہ اپنی اور اپنے خاندان کی مدد کرنے اور اپنی شادی بچانے کے لئے یہ وقت انتہائی اہم ہے۔‘

جیمز کے خلاف اسکینڈل کے الزامات رواں ماہ اس وقت سامنے آئے، جب ماڈل مشیل مکگی نے ایک انٹرویو میں ان کے ساتھ تعلقات کا دعویٰ کیا۔ مکگی نے کہا کہ جیمز اور اس کی ملاقاتیں گزشتہ 11ماہ سے جاری ہیں اور یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا، جب بلاک اپنی فلم ’دی بلائنڈ سائیڈ‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔ بلاک نے رواں برس اسی فلم میں اپنی کردارنگاری کی بدولت آسکر ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

اسکینڈل کی ان خبروں کے منظر عام پر آنے پر جیمز نے اپنی اہلیہ اور بچوں سے معذرت طلب کی تھی۔ انہوں نے ایک بیان میں اپنے خاندان کو اس بات سے پہنچنے والے دُکھ پر افسوس کا اظہار کہا۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات کے لئے ایک ہی فرد ذمہ دار ہے، جو وہ خود ہیں۔ پینتالیس سالہ بلاک اور 40 سالہ جیمز کی شادی 2005ء میں ہوئی تھی۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین