1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سر کی چوٹ کا جائزہ، خصوصی ہیڈ بینڈ تیار کر لیا گیا

عابد حسین23 مارچ 2016

آسٹریلیا کے محققین نے سر کی انجریز کی فوری معلومات حاصل کرنے کے لیے ہیڈ بینڈ تیار کر لیا ہے۔ سر کے زخموں کی فوری جانچ کے لیے یہ اپنی نوعیت کا پہلا ہیڈ بینڈ ہے۔

https://p.dw.com/p/1II6D
تصویر: Colourbox/A. Furman

آسٹریلیا کے محققین کی کاوش سے تیار کیے جانے والے ہیڈ بینڈ کو بنیادی طور پر برین بینڈ ٹیکنالوجی کا تجرباتی عمل قرار دیا گیا ہے۔ یہ ہیڈ بینڈ اپنی نوعیت کا پہلا بینڈ ہے جو خاص طور پر کھیل کے دوران کھلاڑیوں کو لگنے والی چوٹوں کے دماغ پر ظاہر ہونے والے اثرات کا جائزہ لے کر تصاویر روانہ کر سکے گا۔ فٹ بال اور رگبی کی کھیلوں میں کھلاڑیوں کو خاصی چوٹوں کا سامنا ہو تا ہے۔ یہ ہیڈ بینڈ اِن کھیلوں کے علاوہ اگر سر پر کوئی چوٹ لگے گی تو اُس کے بھی اثرات ریکارڈ کر سکے گا اور یہ ریکارڈنگ کوچز، طبی عملے اور ریفریوں کو فوری طور دستیاب ہو سکے گی۔

نیورو سائنسدان ایلن پیئرس کا کہنا ہے کہ یہ آلہ اِس صورت میں بھی مدد دے گا جب ایک چوٹ کے بعد تعین کیا جائے گا کہ کھلاڑی میچ کے لیے پوری طرح فٹ بھی ہے کیونکہ ہیڈ بینڈ دماغ کی اندرونی سوچ کو ریکارڈ کر کے ماہرین کو مطلع کرنے کی صلاحیت کا حامل ہو گا۔ ہیڈ بینڈ کی تیاری کا عمل آسٹریلوی ریاست وکٹوریا کے بڑے شہر میلبورن میں قائم سوِن برن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں مکمل کیا گیا۔ ریسرچ کے سربراہ ایلن پیئرس بھی اِسی یونیورسٹی سے وابستہ ہیں۔ اُن کے مطابق چوٹ لگنے کے بعد فوری طور پر کوئی بھی اُس کی شدت کا اندازہ نہیں کر سکتا اور ہیڈ بینڈ کی موجودگی میں یہ سہولت دستیاب ہو سکے گی۔

Bolton gegen Chelsea Michael Ballack verletzt
سر کی انجریز کی فوری معلومات حاصل کرنے کے لیے ہیڈ بینڈ استعمال کیا جا سکے گاتصویر: picture-alliance/dpa

محققین پیئرس نے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے اِس آلے بارے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ جس کھلاڑی نے یہ ہیڈ بینڈ پہنا ہو گا، اُس کو دوران کھیل لگنے والی چوٹ کا فوری طور پر اندازہ کیا جا سکے گا اور اِس جائزے سے چوٹ کا علاج بھی احسن طریقے سے ممکن ہو سکے گا۔ اُن کے مطابق کھیل کے دوران میدان سے باہر بیٹھے کوچز بھی اندازہ لگا سکیں گے کہ کون سا کھلاڑی غیرمعمولی طور پر تھکن محسوس کرتے ہوئے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور اس طرح اُس کو تبدیل کرنے میں بھی آسانی حاصل ہو گی۔ ہیڈ بینڈ پر ایک چھوٹی سی مگر تیز روشنی بھی نصب ہو گی جو شدید چوٹ لگنے کی صورت میں جل اٹھے گی۔

پیئرس کے مطابق ہیڈ بینڈ کا ایک اور بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ کسی ویک اینڈ پر میچ کے دوران کھلاڑی کو گرنے سے سر پر چوٹ آئی ہے تو ہسپتال منتقل کرنے پر چوٹ لگنے اور ہسپتال پہنچانے کے دوران چوٹ کی تمام کیفیت اِس ہیڈ بینڈ میں ریکارڈ ہو گی اور معالج فوری طور پر اِس ڈیٹا سے علاج شروع کرنے کی پوزیشن میں ہو گا۔ ہیڈ بینڈ کا ابھی اولین نمونہ تیار کیا گیا ہے اور آج کل آسٹریلیا میں رگبی کے شوقیہ کھلاڑیوں میں اِس کا آزمائشی عمل شروع ہے۔ ابتدائی آزمائشی مرحلے کے دوران جو بھی خامیاں معلوم ہو رہی ہیں، اُن کے تناظر میں سوِن برن یونیورسٹی کے ریسرچرز ہیڈ بینڈ میں تبدیلیوں کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔