1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سرجیکل اسٹرائیکس‘ کا بھارتی دعویٰ پروپیگنڈا ہے، جنرل باجوہ

بینش جاوید
29 ستمبر 2016

بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے پاکستان میں ’سرجیکل اسٹرائیکس‘ کی ہیں جبکہ پاکستانی فوج نے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2QipG
Pakistan Armeesprecher Generalleutnant Asim Saleem Bajwa
تصویر: picture alliance/abaca/M. Aktas

بھارت کی وزارت خارجہ اور وزارت دفاع کی جانب سے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بھارت کے ڈائریکٹر ملٹری آپریشنز لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے کہا:’’بھارت نے لائن آف کنٹرول کے قریب پاکستانی سرزمین پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو سرجیکل اسٹرئیکس کا نشانہ بنایا۔‘‘ لیفٹیننٹ جنرل سنگھ نے کہا کہ دہشت گردوں کی ٹیموں نے لائن آف کنٹرول کے قریب پوزیشنیں سنبھالی ہوئی تھیں۔ پریس کانفرنس کے دوران لیفٹیننٹ جنرل سنگھ نے میڈیا کو بتایا:’’بھارت کو پاکستان کی جانب سے سرحد پار مسلسل دراندازی پر شدید تشویش ہے۔‘‘

پاکستانی فوج نے بھارت کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے کوئی سرجیکل حملہ نہیں کیا گیا بلکہ بھارت نے فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا۔ پاکستانی فوج کے شعبہٴ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے:’’دونوں ممالک کے مابین ’رولز آف اینگیجمنٹ‘ کے مطابق پاکستان نے بھارت کی فائرنگ کا بھر پور جواب دیا، بھارت کا یہ دعویٰ کہ دہشت گردوں کے اڈے پر سرجیکل حملہ کیا گیا ہے، جھوٹ پر مبنی ہے اور ایسا غلط اثرات کے حصول کے لیے جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے۔‘‘

 اسی بیان میں کہا گیا ہے کہ  اگر پاکستان کی سرزمین پر کوئی ’سرجیکل‘ حملہ کیا گیا تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک پاکستانی نیوز چینل سے باتیں کرتے ہوئے کہا،’’بدقسمتی ہے کہ بھارتی ڈی جی ایم او جھوٹ بول رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بھارتی عوام کوخوش کرنےکے لیے بھارت کی جانب سے ’سرجیکل اسٹرائیک‘ کا پروپیگنڈا کیا گیا ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ جس پر ’سرجیکل اسٹرائیک‘ ہو اسے پتہ ہی نہ چلے۔

ادھر پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فا ئرنگ کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ’ننگی جارحیت‘ کا مرتکب ہو رہا ہے اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے ہر اقدام کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔

جمعرات کے روز پاکستان اور بھارت کے فوجی دستوں کے درمیان متنازعہ خطے کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔