1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا نے پاکستان میں کرکٹ سیریز کی پیش کش مسترد کر دی

25 مئی 2011

سری لنکا نے پاکستان میں کرکٹ سیریز کھیلنے کی پیش کش مسترد کر دی ہے۔ سری لنکا کرکٹ کا کہنا ہے کہ لاہور میں اس کے کھلاڑیوں پر حملے کو دو برس گزرنے کے باوجود پاکستان میں سکیورٹی کی صورت حال بہتر نہیں ہوئی۔

https://p.dw.com/p/11NXG
تصویر: AP

سری لنکا کرکٹ کے چیئرمین ڈی ایس ڈی سلوا نے منگل کو خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’ہم اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیجیں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’میں نے سیکریٹری سے کہا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس فیصلے سے مطلع کر دیں۔‘

ڈی سلوا نے بتایا، ’ہم نے اس کے بجائے پاکستان کو کولمبو یا دبئی اور ابوظہبی جیسے نیوٹرل گراؤنڈز پر میچز کی میزبانی کرنے کی درخواست کی ہے۔‘

ڈی سلوا کا یہ بھی کہنا ہے کہ سکیورٹی کے حوالے موجودہ حالات سری لنکا کو پاکستان میں کھیلنے کی اجازت نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے بھی سکیورٹی کلیئرنس نہیں ملی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویک اینڈ پر اعلان کیا تھا کہ سری لنکا کو اکتوبر میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ میچ اور ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ہے۔

مارچ 2009ء میں دہشت گردوں نے پاکستانی شہر لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اسسٹنٹ کوچ سمیت سری لنکا کے سات کھلاڑی زخمی ہوئے تھے۔

سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے نے منگل کو لندن سے شائع ہونے روزنامہ گارجیئن کو بتایا کہ لاہور حملے کے نتیجے میں انہیں جو زخم لگے، ان کے نشان ابھی تک باقی ہیں۔

انہوں نے کہا، ’مجھے وہ سب یاد ہے۔ پہلے تو لڑکوں نے کہا کہ صبح کے آٹھ بجے کوئی پٹاخے کیوں پھوڑے گا۔ لیکن پھر کوئی چلایا کہ نیچے ہو جاؤ، ہم پر فائرنگ ہو رہی ہے۔‘

Anschlag auf Cricket Team in Pakistan
لاہور حملے میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ سمیت ساتھ کھلاڑی زخمی ہوئے تھےتصویر: picture-alliance/ dpa

سری لنکا کرکٹ نے قبل ازیں پیر کو پاکستان کی جانب سے موصول ہونے والے دعوت نامے پر محتاط ردِ عمل ظاہر کیا تھا۔ اس وقت حکام نے کہا تھا کہ اس کا سکیورٹی حکام کی جانب سے کلیئرنس کے بعد اس کا جواب دیا جائے گا۔

افغانستان کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان:

لاہور میں سری لنکا کی ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی ٹیم افغانستان کی ہے، جو پیر کو وہاں پہنچی۔ افغان ٹیم پاکستان کی بی ٹیم کے خلاف تین میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں