سری لنکا کے خلاف پاکستان کی ایک اور جیت
26 نومبر 2011پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ جمعے کو متحدہ عرب امارات کی ریاست ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سری لنکن ٹیم کو پانچ وکٹوں سے ہرایا۔ سری لنکا کی جانب سے پاکستان کو بیس اوورز میں 142 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔ اعزاز چیمہ کو بہتر بولنگ کی بنیاد پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
میچ کا فیصلہ بیسویں اوور کی تیسری گیند پر ہوا۔ پاکستان کی جانب سے ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ناٹ آؤٹ 48 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے پندرہ گیندوں پر تیز رفتار بائیس رنز بنائے ، اس میں دو چھکے بھی شامل تھے۔ کپتان مصباح الحق نے پہلے اسد شفیق کے ساتھ 46 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور بعد میں شاہد آفریدی کے ساتھ میچ وننگ 43 رنز کی شراکت قائم کی۔ اسد شفیق 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان تلک رتنے دلشان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور بیس اوورز میں 141 رنز بنائے۔ سری لنکا کی پوری ٹیم بیسویں اوور کی تیسری گیند پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے اعزاز چیمہ نے مقرر ہ چار اوورز میں تیس رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی۔ سری لنکن ٹیم کے دو کھلاڑی کمارا سنگا کارا اور اینجلو میتھیوز تیز اسکور کرنے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کے چندی مل نے 56 رنز بنائے۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک صفر سے جیتی۔ اس کے بعد پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کو ایک کے مقابلے میں چار میچ جیت کر اپنے نام کیا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل