1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکن ٹیم پر حملہ کرنے والوں کی شناخت ہوگئی ہے، پاکستانی حکّام

خبر رساں ادارے5 مارچ 2009

پاکستانی حکّام کے مطابق حال ہی میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ کرنے والوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/H6PI
سری لنکن ٹیم پر حملہ آور دہشت گرد لاکٹ لانچر اور دستی بموں سے لیس تھےتصویر: picture-alliance/ dpa

پاکستان کے صوبہِ پنجاب کے گورنرسلمان تاثیر نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پرحملہ کرنے والوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ ان کے مطابق اس ضمن میں متعدد گرفتاریاں کی گئی ہیں اوربعض حملہ آوروں کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔ سلمان تاثیر نے اس حوالے سے کسی تنظیم یا گروہ کا نام لینے سے اجتناب کیا ہے اور کہا ہے کہ مزید تفصیلات وہ چند رور میں پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پرمسلّح حملے کے نتیجے میں ٹیم کی حفاظت پرمعمور چھ پولیس اہلکاراور سری لنکن ٹیم کا بس ڈرائورہلاک ہوگئے تھے اوراس واقعے میں چھ کھلاڑی زخمی بھی ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دوسرال ٹیسٹ میچ منسوخ کردیا گیا تھا اورسری لنکن ٹیم واپس اپنے وطن روانہ ہو گئی تھی۔

مذکورہ حملے کے الزام میں القاعدہ اورطالبان سمیت متعدد نام لیے جا رہے ہیں۔ بعض پاکستانی حکّام نے اس حوالے سے غیرملکی عناصر پر بھی الزام عائد کیا ہے۔

قبل ازیں لاہور کے پولیس انسپیکٹر آصف رشید نے چار مسلّح حملہ آوروں کے فرضی خاکے بھی پیش کیے جو پچیس سے تیس برس کی عمروں کے درمیان دکھائی دیتے ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی حکّام نے باقاعدہ طورایک پریس کانفرنس میں اس بات کا اعلان کیا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی ہے۔ تاہم مزید تفصیلات سامنے آنے کے بعد ہی طے کیا جا سکے گا کہ پاکستانی حکّام سری لنکن ٹیم پرحملے کا حتمی الزام کس پرعائد کرتے ہیں۔