سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے معاملے پر مشاورت جاری
15 فروری 2012تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پاکستانی شناختی کارڈ کے حامل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے گزشتہ روز ایک اجلاس میں شرکت کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی انتخابی فہرستوں میں شامل کرنےکا اعلان کیا تھا۔ تاہم یہ پاکستانی اپنے ووٹ کا حق کس طرح استعمال کر سکتے ہیں اس بارے میں طریقہ کار وضع ہونا باقی ہے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست کی پیروی کرنے والے تحریک انصاف کے رہنما حامد خان ایڈووکیٹ نے الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کا محتاط خیر مقدم کرتے ہوئے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’جب تک الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ معاملہ تفصیل کے ساتھ سپریم کورٹ میں نہیں آ جاتا تب تک کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ ان کا (الیکشن کمیشن) دراصل کیا فیصلہ ہے؟ وہ کیا تجویز کر رہے ہیں؟ کیونکہ اس میں بہت سی مشکلات ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی چاہتے ہیں کہ طریقہ کار صاف اور شفاف ہونا چاہیے، یہ نہ ہو کہ حکومت اس کو انتخابی دھاندلی کے لیے استعمال کرے۔ تو یہ سب کچھ دیکھنا پڑے گا کہ حکومت اس کے لیے کیا حفاظتی اقدامات اٹھاتی ہے۔‘‘
الیکشن کمیشن کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانوں اور ڈاک کے ذریعے اپنا ووٹ دینے کا آپشن زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نشستیں مختص کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کل تعداد 67 لاکھ ہے لیکن ان میں سے صرف 37 لاکھ کے پاس پاکستانی قومی شناختی کارڈ ہیں اور وہی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔
اس وقت سعودی عرب (17 لاکھ) ، برطانیہ (12 لاکھ)، متحدہ عرب امارات (12 لاکھ)، امریکہ (9 لاکھ)، کینیڈا (3 لاکھ)، عمان (2 لاکھ)، کویت ( 1.5 لاکھ)، یونان (90 ہزار)، جرمنی (78 ہزار)، فرانس (60 ہزار)، اسکاٹ لینڈ (60 ہزار)، ڈنمارک (30 ہزار) اور آسٹریلیا (27 ہزار) میں پاکستانی مقیم ہیں۔
انتخابی فہرستوں میں الیکشن کمیشن کو فنی معاونت فراہم کرنے والے ادارے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اوورسیز پاکستانیوں کو انتخابی فہرستوں میں شامل کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین نادرا طارق ملک نے ڈی ڈبلیو سےگفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے پہلے ہی بیرون ملک مقیم 37 لاکھ پاکستانیوں کو شناختی کارڈ جاری کیے ہوئے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو دوسرے ممالک کے رہائشی ہیں اور ان کے پاس پاکستانی یا دوہری شہریت ہے ۔ یہ ان ممالک کے قوانین پر منحصر ہے جہاں وہ رہتے ہیں۔ ان کا ہمارے پاس جو ڈیٹا ہے اس کے مطابق شناختی کارڈ پر ان کا ایک پتہ اس ملک کا ہے جہاں وہ رہ رہے ہیں اور ایک پتہ مستقل ہے جو پاکستان میں ہے۔ جو مستقل پتے پر انتخابی فہرست بن رہی ہے اس کا بیلٹ پیپر ان کو جائے گا اس پر وہ وہاں سے ڈاک کے ذریعے یا جو بھی طریقہ کار الیکشن کمیشن متعین کرے گا اس کے تحت ووٹ دے سکیں گے۔‘‘
سپریم کورٹ نے آئندہ انتخابات کے لیے غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں تیار کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو 23 فروری کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے تاہم الیکشن کمیشن کے حکام کا مؤقف ہے کہ مقررہ تاریخ تک انتخابی فہرستوں کا مکمل ہونا مشکل ہے اور ایسا مئی تک ہی ممکن ہو سکے گا۔
سپریم کورٹ میں اس مقدمے کی سماعت 21 فروری کو ہو گی۔
رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد
ادارت: حماد کیانی