سمندری طوفان فلورنس: تصاویر کے آئینے میں
طاقتور سمندری طوفان فلورنس، امریکا کے مشرقی ساحلی علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی اور ہلاکتوں کا سبب بنا ہے۔ ڈی ڈبلیو نے اس تباہی کا جائزہ لیا ہے۔
سمندری طوفان فلورنس: ایک تباہ کن سفر
فلورنس نامی اس سمندری طوفان کی شدت کیٹگری پانچ سے کم ہو کر اب کیٹگری ایک رہ گئی ہے۔ لیکن امریکی ساحل سے ٹکرانے سے قبل یہ 560 کلومیٹر رقبے پر پھیلا ہوا تھا۔ 220 کلومیٹر فی گھنٹے سے چلنے والی انتہائی تیز ہواؤں نے اسے ایک خوفناک قدرتی آفت بنا دیا تھا۔
گھروں کی تباہی
اس طوفان کے سبب کم از کم پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ امریکی ریاست شمالی کیرولینا میں ایک درخت ایک گھر پر گرنے کے سبب ایک ماں اور اس کا بچہ ہلاک ہوئے جبکہ خاتون کا شوہر شدید زخمی ہو گیا۔ حکام کو خدشہ ہے کہ طوفان جب علاقے سے گزر جائے گا تو ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ سامنے آ سکتا ہے۔
دیہات پانی میں بہہ گئے
ہنگامی حالات سے نمنٹنے والے کارکنوں نے نیو بیرن کے علاقے میں پھنسے قریب 500 افراد کو بچایا۔ شمالی کیرولینا میں قائم کیے گئے مختلف ہنگامی پناہ کے مراکز میں 20,000 سے زائد لوگوں نے پناہ لے رکھی ہے۔ امریکا کے ’نیشنل ہریکین سنٹر‘ نے تباہ کن سیلاب سے متنبہ کیا ہے۔
معیشت کے لیے ڈراؤنا خواب
حکام نے اس طوفان کے سبب ہونے والی تباہی کا اندازہ 60 بلین ڈالرز کے قریب لگایا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس علاقے کا دورہ کریں گے مگر ’اُس وقت جب یہ بات یقینی ہو کہ ان کے دورے کے باعث امدادی کاموں میں رکاوٹ نہیں پڑے گی‘۔
آرام کا وقت نہیں
امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے گورنر رائے کُوپر نے تاہم متنبہ کیا ہے کہ زیادہ تباہ کن صورتحال ابھی بعد میں سامنے آ سکتی ہے کیونکہ شدید بارشوں کا سلسلہ کئی دن تک جاری رہ سکتا ہے۔ انہوں نے ان بارشوں کو ایک ہزار سال کی سب سے زیادہ بارشیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کیرولینا کے رہائشیوں کی زندگیاں تبدیل ہو سکتی ہیں۔