سمندری طوفان’ منگ کھوٹ کی فلپائن میں شدید تباہی
16 ستمبر 2018فلپائن میں منگ کھوٹ کی تباہی کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی شب یہ طوفان فلپائن سے ٹکرایا تھا اور اس کی وجہ سے ملک کے شمالی حصوں میں ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔ ایک بیان کے مطابق تقریباً پچاس لاکھ افراد اس طوفان سے متاثر ہوئے ہیں۔
امدادی تنظیموں کے مطابق متاثرین میں بڑی تعداد ان افراد کی ہے، جن کے گھر ساحلوں کے قریب تھے۔ طوفانی لہریں گھروں کو اپنے ساتھ بہا کر لے گئیں جبکہ درخت زمین سے اکھڑ گئے اور بجلی کا نظام درہم برھم ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ہنگامی امدادی مراکز میں چھتیس ہزار افراد کو بنیادی اشیاء اور طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
یہ طوفان اب اپنی پوری قوت کے ساتھ چین کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق منگ کھوٹ عالمی وقت کے مطابق دوپہر چار بجے ہانگ کانگ اور جنوبی چین سے گزرے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر ہانگ کانگ میں حفاظتی انتظامات شدید بنائے جا چکے ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے اس تناظر میں سخت انتباہ جاری کیا ہوا ہے۔ ہانگ کانگ کی سڑکیں مکمل طور پر سنسان ہیں۔
حکام نے تمام بحری جہازوں کو بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے کا حکم دیا ہے جبکہ ہر قسم کے بحری سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ چین کے جنوبی ساحلی علاقوں پر ہزاروں افراد کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ منگ کھوٹ رواں برس کے دوران چین سے ٹکرانے والا سب سے طاقتور سمندری طوفان ہے۔ مقامی ٹیلی وژن پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی تصاویر نشر کی جا رہی ہیں۔