1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سن 2016 کے لیے کرہٴ ارض کا بہترین فٹ بالر: کرسٹیانو رونالڈو

عابد حسین
13 دسمبر 2016

پرتگال کے معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو رواں برس ایک مرتبہ پھر دنیا کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ’فٹ بال فرانس‘ نامی میگزین نے متعارف کرایا تھا۔

https://p.dw.com/p/2UBZO
Cristiano Ronaldo Ballon d'Or 2016
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Martinez

کرسٹیانو رونالڈو کو’بیلن ڈے اور‘ ایوارڈ کے حصول میں ارجنٹائن کے لیونل میسی اور فرانسیسی فٹ بالر انٹوائن گریسمَن کا سامنا تھا۔ لیونل میسی کو گزشتہ برس اِس ایوارڈ کا حقدار ٹھہرایا گیا تھا۔ رواں برس توقع کی جا رہی تھی کہ یہ انعام ایک مرتبہ پھر ارجنٹائن کے فٹ بالر ہی جیت جائیں گے لیکن ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔

جریدے ’فٹ بال فرانس‘ کے اِس ایوارڈ کے لیے کسی کھلاڑی کا انتخاب دنیا کے تقریباً دو سو صحافیوں کی ووٹنگ سے کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل کرسٹیانو رونالڈو تین مرتبہ یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ اُن سے زیادہ یہ ایوارڈ لیونل میسی نے جیتا رکھا ہے۔ اُنہیں پانچ مرتبہ فٹ بال کھیلنی والی اقوام کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس ایوارڈ کے حوالے سے ریال میڈرڈ کے کوچ زینادین زیدان نے کہا کہ انہیں پہلے سے یقین تھا کہ یہ ایوارڈ رواں برس رونالڈو کو ہی ملے گا کیونکہ اُس کی کارکردگی بلاشبہ بقیہ تمام کھلاڑیوں سے کہیں زیادہ بہتر رہی تھی۔ زیدان کے مطابق انہیں امید ہے کہ وہ اگلے برسوں میں بھی ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔ رونالڈو چیمپئنز لیگ میں مشہور یورپی کلب ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرتے ہیں۔

Cristiano Ronaldo 2009 - FIFA Fussballer des Jahres
’بالون ڈور‘ کا ایوارڈ ملنے کے بعد رونالڈو کو برازیل کے لیجنڈری فٹ بالر پیلے مبارک باد دیتے ہوئےتصویر: Getty Images/AFP/J. Klamar

اس ایوارڈ کے ساتھ ساتھ رونالڈو کو ٹیکس چھپانے کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔ گزشتہ جمعرات کو پرتگالی کھلاڑی نے پچھلے سال 240 ملین ڈالر کمانے کی تمام تفصیل عام کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی مالی بےضابطگی کے مرتکب نہیں ہوئے ہیں۔ رونالڈو نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا اور اس باعث وہ کسی تفتیش سے قطعاً خوفزدہ نہیں ہیں۔

’بالون ڈور‘ نامی ایوارڈ فرانسیسی جریدے ’فٹ بال فرانس‘ نے سن 1956 متعارف کرایا تھا۔ پہلے یہ یورپ کے بہترین فٹ بالر کو دیا جاتا تھا۔ سن 1991 سے اس ایوارڈ کی سرپرستی فٹ بال کے عالمی ادارے فیفا نے شروع کی تھی۔ سن 2010 سے فیفا اور ’فٹ بال فرانس‘ نے دنیا کے بہتر کھلاڑی کے دو مختلف ایوارڈ کو ضم کر دیا تھا۔ رواں برس سے فیفا نے اپنا سالانہ ایوارڈ ایک مرتبہ پھر متعارف کرا دیا ہے۔ سب سے پہلا ’بالون ڈور‘ کا ایوارڈ سن 1956 میں اسیٹلے میتھیوز کو دیا گیا تھا۔