سن 2019 برلینالے کے انعام یافتگان
جرمن دارالحکومت برلن میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں اہم ایوارڈز جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ہر سال کی طرح رواں برس بھی کئی اہم فلمیں مقابلے میں شامل کی گئی تھیں۔
گولڈن بیئر: اسرائیلی ہدایت کار کی فلم کے لیے
برلینالے کا سب سے بڑا انعام ’گولڈن بیئر‘ ہے۔ رواں برس بہترین فلم ’سینونیمز‘ قرار دی گئی ہے۔ یہ فلم اسرائیلی ہدایت کار نادو لاپید کی تخلیق ہے۔ فلم ’سینونیمز‘ کی کہانی ایک اسرائیلی فوجی کے گرد گھومتی ہے جو اپنی شہریت چھوڑ کر پیرس میں آباد ہونا چاہتا ہے۔ اس فلم کو غیرمعمولی شاہکار قرار دیا گیا ہے۔
بہترین اداکار اور اداکارہ
برلینالے فلم فیسٹیول میں بہترین اداکار اور اداکارہ کے ایوارڈز چینی اداکاروں نے حاصل کیے۔ چین میں ثقافتی انقلاب کے دوران ایک بچے کی پالیسی پر بنائی گئی فلم ’سو لانگ مائی سن‘ میں جاندار کردار نگاری پر بہترین اداکار وانگ جِنگ چُن اور بہترین اداکارہ یونگ مئی کا انتخاب کیا گیا۔ تین گھنٹے کی اس فلم کے ہدایت کار وانگ شیاس شوئی ہیں۔
بہترین ہدایتکار: انگیلا شانیلیک
جرمن خاتون ہدایتکارہ انگیلا شانیلیک کو سن 2019 کے برلینالے کی انعامی تقریب میں بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہیں یہ ایوارڈ فلم ’I Was at Home, But‘ کی تخلیق پر دیا گیا۔ اس فلم کو رواں برس کی انتہائی اہم فلموں میں شمار کیا گیا ہے۔ جرمن میڈیا بھی اس فلم کی تعریف و توصیف کرتا رہا ہے۔
بہترین اسکرین پلے
رابرٹ ساویونو کے ناول پر بنائی گئی فلم ’پیراہناز‘ کے اسکرین پلے کا بہترین قرار دیا گیا۔ یہ اطالوی شہر نیپلز کے ٹین ایجر کے بارے میں ہے جو جرائم اور پرتشدد ماحول میں پروان چڑھتے ہیں۔ اس فلم ’پیراہناز‘ کو سلور بیئر سے نوازا گیا۔
گرینڈ جیوری پرائز
برلینالے میں گرینڈ جیوری پرائز کی حقدار فلم ’بائی دی گریس آف گاڈ‘ کو قرار دیا گیا۔ اس فلم کے ہدایت کار فرانس سے تعلق رکھنے والے فرانسوا اوزوں ہیں۔ اس فلم کا موضوع کیتھولک پادری کی جنسی زیادتی ہے۔ یہ ایک بہترین موضوعاتی فلم قرار دی گئی ہے۔
الفریڈ باؤر پرائز
نئے جرمن فلم تخلیق کار کے لیے ’الفریڈ باؤر پرائز‘ ہر سال دیا جاتا ہے۔ اس مرتبہ یہ پرائز فلم ’سسٹم کریشر‘ کو دیا گیا۔ اس فلم میں کہانی ایک ایسے بچے کے گرد گھومتی ہے، جو جرمن بہبود اطفال کے نظام کے خلاف عمل کرتا ہے۔
بہترین عکاسی کا ایوارڈ
کیمرہ مین راسموس ویڈیبیک کو نارویجین فلم ’آؤٹ اسٹیلنگ ہورسز‘ کی شاندار عکاسی پر سلور بیئر کا ایوارڈ دیا گیا۔ برلینالے میں صرف بہترین فلم کو ’گولڈن بیئر‘ دیا جاتا ہے اور دیگر تمام ایوارڈز ’سلور بیئر‘ کہلاتے ہیں۔
خصوصی ایوارڈ مقدونیہ کے فلم ساز کے لیے
ونیہ کے فلم ساز کے لیےجرمنی کے انٹرنیشنل فلمی میلے میں ایک انعام ایسا بھی ہوتا ہے، جس کے لیے’ونر‘ استعمال نہیں کیا جاتا لیکن یہ کسی ایسی شاندار فلمی تخلیق کے لیے ہوتا ہے، جو کوئی بڑا انعام لینے میں ناکام رہی ہو۔ سن 2019 کے برلینالے میں مقدونیہ کے فلم ساز ٹیونا اسٹروگر کو بلقان خطے کی ثقافت پر بنائی گئی فلم پر یہ خاص انعام دیا گیا۔